ادھمپور: جموں وکشمیر کے ضلع ادھمپور کے لٹی علاقے میں ہفتے کی علی الصبح ایک کچا مکان گر آنے کے نتیجے میں ایک خاتون کی برسر موقع ہی موت جبکہ اس کا شوہر زخمی ہوگیا۔ ذرائع نے بتایا کہ ادھمپور کے لٹی علاقے میں ہفتے کی علی الصبح قریب چار بجے دیش راج نامی شخص کا کچا مکان گر آیا جس کے نتیجے میں اس کا بیٹا رتن لال شدید زخمی ہوگیا جبکہ رتن لال کی اہلیہ انجو دیوی کی برسر موقع ہی موت ہی واقع ہوئی۔انہوں نے کہا کہ زخمی کو علاج و معالجے کے لئے نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔ان کا کہنا تھا کہ واقعہ پیش آنے کے بعد پولیس کی ایک ٹیم جائے واردات پر پہنچی اور قانونی کارروائیاں شروع کیں۔
مزید پڑھیں:
ریاسی میں کچا مکان گرنے سے دو افراد ہلاک، چار دیگر زخمی
دریں اثنا مقامی لوگوں نے انتظامیہ سے متاثرہ کو ضروری امداد فراہم کرنے کی اپیل کی۔ایک مقامی شخص نے کہا کہ متاثرہ شخص بہت غریب ہے اور اس کا صرف مالی ہی نہیں بلکہ ناقابل تلافی جانی نقصان ہوا ہے۔انہوں نے انتظامیہ سے اپیل کی کہ متاثرہ کو فوری امداد فراہم کی جائے تاکہ وہ اپنے سر پر چھت کی سبیل کر سکے۔ بتادیں کہ جموں و کشمیر میں مکان گرنے سے موت کا یہ پہلا واقعہ نہیں ہے۔اسی سال مئی کے شروع میں سرحدی ضلع کشتواڑ میں شدید بارش اور ژالہ باری کی وجہ سے ایک مکان کے منہدم ہونے سے ایک خاندان کے تین افراد ہلاک ہو گئے تھے۔
(یو این آئی مشمولات کے ساتھ )