ریاست تلنگانہ کے نالگونڈا میں ایک لڑکی کے ذریعے 24 گھنٹے کے اندر دو بار شادی کرنے کا معاملہ سامنے آیا ہے۔ پہلی بار لڑکی کی شادی اس کے والدین نے کی تھی۔ اسی دوران لڑکی کا عاشق منظر عام پر آگیا۔ نتیجہ یہ ہوا کہ اگلی صبح لڑکی اپنے عاشق کی دلہن بن گئی۔
دراصل، مونیکا کے والدین نے بیٹی کی شادی اپنی پسند سے طے کی تھی۔ یہ شادی 12 جون کو سابداللہ پور گاؤں میں ہوئی۔ پھر اس معاملے میں ایک نیا موڑ آگیا۔ مونیکا کسی اور سے پیار کرتی تھی جو اس کا رشتہ دار بھی تھا۔
والدین نے اس رشتے سے لاعلم اس کی شادی کا دن رکھ دیا۔ مونیکا اپنے محبت کا رشتہ ظاہر کرنے سے خوفزدہ تھی، لہذا اس نے والدین کے ذریعہ طے کی گئی شادی کرلی۔
اس شادی کے بعد مونیکا کے عاشق راجیش نے ہنگامہ کھڑا کر دیا اور پولیس کو اس معاملے میں مداخلت کرنی پڑی۔
پنچایت گھنٹوں جاری رہنے کے بعد بالآخر والدین کے ذریعے پسند کی گئی شادی منسوخ کر دی گئی۔ اس کے بعد 13 جون کی صبح مونیکا اور راجیش کی شادی کے ساتھ اس پروگرام کا خوش کن اختتام ہوا۔