حیدرآباد: تلنگانہ میں موسم سرما نے دستک دے دی ہے۔ سردہوائیں تلنگانہ کی طرف چل رہی ہیں۔ کئی اضلاع میں رات کا درجہ حرارت معمول سے نیچے پہنچ گیا۔ ریاست کے بیشتر حصوں میں صبح کے وقت کہرہ دیکھی جارہی ہے، جس کی وجہ سے اقل ترین درجہ حرارت میں اچانک کمی واقع ہوئی ہے۔ہنمکنڈہ میں اقل ترین درجہ حرارت 19.5 ڈگری ریکارڈ کیا گیا جو معمول سے 2.7 ڈگری کم ہے۔ عادل آباد میں درجہ حرارت میں 1.8 ڈگری کی گراوٹ ہوئی ہے۔ ضلع میں درجہ حرارت 17.2 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا گیا۔ راماگنڈم، میدک اور ہنمکنڈہ میں دن کے درجہ حرارت میں کمی آئی ہے۔ کھمم میںاعظم ترین درجہ حرارت 35.2 ڈگری رہا جو معمول سے 3.3 ڈگری زیادہ ہے۔ حیدرآباد، بھدراچلم اور عادل آباد میں بھی معمول سے قدرے زیادہ درجہ حرارت ریکارڈ کیا گیا۔ محکمہ موسمیات کے حکام کا کہنا ہے کہ آنے والے دنوں میں سردی کی شدت میں اضافہ کا امکان ہے۔
یہ بھی پڑھیں:ژالہ باری سے میوہ باغات کو شدید نقصان،کاشتکار پریشان
واضح رہے ستمبر کے آخری ہفتہ سے ابھی تک حیدرآباد کے رہائشی سردیوں کے موسم میں گرمی کا سامنا کر رہے تھے۔ شہرحیدرآباد میں موسم کی تبدیلی سے لوگ کافی پریشان تھے۔ دن کے اوقات میں گرمی اور شام میں سردی محسوس ہورہی تھی۔ حیدرآباد کے بیشتر علاقوں میں دن میں زیادہ سے زیادہ درجہ حرارت 35 ڈگری سیلسیس سے تجاوز کر گیا تھا۔ بارش کے موسم کے اختتام کے بعد حیدرآباد میں درجہ حرارت میں مسلسل اضافہ ہورہا تھا۔ کئی مقامات پر اقل ترین درجہ حرارت 25 ڈگری سیلسیس ریکارڈ کیا جارہا تھا۔