صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے بھوبنیشور میں اتکل یونیورسٹی کی پلیٹینم جوبلی تقریبات کی اختتامی تقریب میں خطاب کرتے ہوئے کہا کہ 'یونیورسٹیاں نظریات کے عظیم مراکز ہیں'۔
انھوں نے کہا کہ 'یونیورسٹیاں معاشرے کا حصہ ہیں اور سماجی تبدیلی کےکاموں میں لگی ہیں۔ تعلیمی برادری کو ایسے شعبوں میں تحقیق کرنی چاہیے جن سے نہ صرف نئی علمی بنیاد تیار ہو بلکہ ایسی علمی بنیاد تیار ہو جو انسانی معاشرے کو سہارا دے سکے'۔
صدر جمہوریہ نے کہا کہ 'محروم اور پسماندہ لوگوں کو بااختیار بنانے کے موضوعات کے معاملے میں طلبا اور اساتذہ کو حساس ہونا چاہیے۔ ماحولیات، صحت اور تعلیم پر خوب محنت کرنی چاہیے۔ اتکل جیسی یونیورسٹیاں، جنھیں کثیر موضوعاتی فیکلٹی حاصل ہے، اِس ذمہ داری کو اچھی طرح نبھا سکتی ہیں'۔
صدر جمہوریہ رام ناتھ کووند نے کہا کہ پلیٹینم جوبلی جیسا موقع ایک سنگ میل ہوتا ہے۔ ایک لمبے سفر کے دوران جب ہم اس مقام پر پہنچتے ہیں تو ہم ٹھہرتے ہیں، پھر ہم پیچھے کی طرف دیکھتے ہیں اور پھر سامنے دیکھتے ہیں۔ یہ موقع ہے اپنی حصولیابیوں کا اور ایسے شعبوں کا جائزہ لینے کا جہاں مزید بہتری کا امکان ہے'۔
انھوں نے کہا کہ 'پوری اتکل برادری کے لیے یہ موقع ہے کہ وہ یونیورسٹی کے بانیان کے ویژن کو پورا کرنے کے لیے اپنی عہد بندی کا اعادہ کریں۔
انہوں نے اس بات پر اعتماد ظاہر کیا کہ یونیورسٹی ملکی سطح پر اور عالمی سطح پر اعلیٰ تعلیم اور تحقیق میں اہم رول ادا کرنے کے لیے پابند عہد رہے گی۔
اس سے قبل صدر جمہوریہ نے اڈیشہ کے کھردہ ضلع میں بروئی ہل کا دورہ کیا اور پائیکا وِدرُوہ کے میموریل کے لیے سنگ بنیاد رکھا۔
اس موقع پر حاضرین سے خطاب کرتے ہوئے صدر جمہوریہ نے کہا کہ اپنی تاریخ کے شاندار باب سے لوگوں کو روشناس کرانا خصوصی طور پر نوجوان نسل کو اپنے اجداد کے قربانیوں کے بارے میں واقفیت فراہم کرانا قومی کی تعمیر کا ایک اہم حصہ ہے۔
انہوں نے پائیکا ودروہ میموریل کی تعمیر میں مرکزی حکومت کے ساتھ ساتھ ریاستی حکومت کی کوششوں کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے اس بات پر اعتماد کا اظہار کیا کہ جو لوگ بھی، خصوصی طور پر نوجوان، اس میموریل کو دیکھنے آئیں گے انھیں یہ پائیکا ودروہ کے بارے میں اہم معلومات فراہم کرائے گا۔