حیدرآباد کے مختلف علاقوں میں تین نوجوانوں کو پولیس نے لاٹھیوں سے مارکر انہیں زخمی کردیا جس کے بعد ان واقعات کے خلاف سوشل میڈیا پر شدید غم و غصہ کا اظہار کیا گیا۔
ان واقعات کا فوری طور پر نوٹس لیتے ہوئے پولیس کمشنر انجنی کمار نے دو پولیس اہلکاروں کی معطل کے احکامات جاری کردیئے۔
تفصیلات کے مطابق شیخ پیٹ میں ایک ہوم گارڈ نے مسلم نوجوان جو حالت روزہ میں غذا کی تقسیم کر رہا تھا اسے شدید زخمی کردیا جبکہ اس کا چہرہ بری طرح زخمی ہوگیا۔ ایک اور واقعہ منڈی میرعالم میں پیش آیا جہاں خریداری کر رہے ایک نوجوان کے سر پر میرچوک پولیس اسٹیشن سے وابستہ کانسٹبل سدھاکر نے لاٹھی سے مارا جس کے بعد نوجوان شدید زخمی ہوگیا۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل پولیس کمشنر نے مغلپورہ پولیس اسٹیشن سے وابستہ ایک اور سب انسپکٹر چندرا مولی کو عوام کے ساتھ گالی گلو کرنے کے الزامات کے بعد تبادلہ کرکے انہیں ہیڈکوارٹر روانہ کردیا تھا۔
لاک ڈاون کے دوران پولیس کی جانب سے ایسے کئی واقعات بھی رونما ہوئے ہیں جس میں برقعہ پوش اور حاملہ خواتین کے ساتھ غیرانسانی رویہ اختیار کیا گیا۔