حیدرآباد- حج کیمپ نامپلی سے754 عازمین حج پر مشتمل دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی،745 عازمین حج کا پانچواں قافلہ آج دوپہر راجیو گاندھی انٹر نیشنل ایر پورٹ شمس آباد سے مکہ مکرمہ کے لئے روانہ ہوا۔ حج کیمپ نامپلی میں رکن اسمبلی سید احمد پاشاہ قادری، تلنگانہ اسٹیٹ حج کمیٹی کے چیئرمین مفتی سید صادق محی الدین فہیم صدر دار القضأ‘ ایکزیکٹیو آفیسر حج کمیٹی بی شفیع اللہ ودیگر سرکردہ افراد نے جھنڈی دکھا کر اس قافلہ کو روانہ کیا۔
Hajj Convoy Leaves Hyderabad for Mecca
اس موقع پر سید حنیف علی رکن سنٹرل وقف کونسل‘ ارکان حج کمیٹی سید غلام احمد حسین صدر مجلس کریم نگر،عرفان الحق، محمد جعفر خان،سید نظام الدین (نارسنگی) سابق رکن حج کمیٹی ابو طلحہ امجد اور دوسرے لوگ بھی موجود تھے۔
سید احمد پاشاہ قادری نے عازمین کو مخاطب کرتے ہوئے کہا کہ اللہ تعالیٰ جن افراد کو منتخب کرلیتے ہیں وہی لوگ حج کی سعادت حاصل کرتے ہیں، اس دوران سفر میں تکلیف اور پریشانی ہوتی ہی ہے لیکن اس مقد س سرزمین پر پریشانیاں بھی راحت میں تبدیل ہوجاتی ہیں۔
انہو ں نے صدر نشین حج کمیٹی محمد سلیم کی نگرانی میں حج کیمپ کے انتظامات کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محنت و جانفشانی کے ساتھ ہزاروں حاجیوں کی خوشگورا انداز میں روانگی کا انتظام کرنا بہت بڑا کام ہے۔ اللہ ان کو اور ان کی ٹیم کو اجر دے گا، انہوں نے عازمین سے ملک و ریاست،امت مسلمہ اور تنظیم کے لئے دعا کرنے کی اپیل کی۔
محمد سلیم نے اپنے صدارتی خطاب میں کہا کہ سفر حج کا تقاضہ ہے کہ تقویٰ او رپرہیز گاری کو تقویت عطا کی جائے۔ یہ ایک مقدس سفر ہے جس کا موقع قسمت والوں کو ہی ملتا ہے۔ اس پر آپ اللہ کا جتنا بھی شکر اداکریں کم ہے۔ اس سفر حج میں آپ اپنا اور اپنی صحت کا خاص خیال رکھیں۔ اپنے کاغذات‘ پاسپورٹ‘ دواؤں کی نسخے وغیر ہ کی حفاظت کریں۔ مکہ معظمہ میں تلبیہ کی اور مدینہ منورہ میں درود شریف کی کثرت رکھیں۔ عبادات پر توجہ دیں اور شاپنگ سے گریز کریں۔
مولانا مفتی سید صادق محی الدین فہیم سابق رکن حج کمیٹی نے مناسک حج و عمرہ او ر آداب زیارت روضۃ رسول ﷺ کے تعلق سے اہم نکات بیان کئے۔ انہوں نے عازمین سے خواہش کی کہ وہ اس سفر میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کریں۔ انہو ں نے آخر میں دعا کی۔ اسسٹنٹ ایکزیکٹیو آفیسر جناب عرفان شریف نے اہم امور سے واقف کروایا۔
سید عرفان الحق نے کہا کہ ہر مومن کی تمنا ہوتی ہے کہ وہ زندگی میں ایک مرتبہ اللہ کے گھر کا دیدار اور روضہ رسول ﷺ کی زیارت کرے۔ انہو ں نے بتایاکہ صدر نشین حج کمیٹی کی ہدایت پر ضلع حج سوسائٹی بہترین کام کررہی ہے۔ رکن کمیٹی محمد نذیر الدین نے عادل آباد کمیٹی کی طرف سے عازمین کو مبارک بباد پیش کی۔
قاری محمد رئیس کی قرأت کلام پاک سے جلسہ کی کارروائی کا آغاز ہوا۔ آج رات حج کیمپ سے چھٹے قافلہ کو وداع کیاگیا۔اس قافلہ میں ریاست آندھرا پردیش کے 353 عازمین شامل ہیں۔ اس موقعہ پر آندھرا پردیش اسٹیٹ حج کمیٹی کے عہدیدار و اراکین موجود تھے۔ اس طرح آج دو قافلوں کی روانگی عمل میں آئی۔ ان دو قافلوں میں عادل آباد کے 52، حیدرآباد کے 42، کریم نگر کے36، کھمم کے 14، محبوب نگر کے ایک، نلگنڈہ کے دو، رنگا ریڈی کے دو، ورنگل اربن کے 32 منچریال کے 17،نرمل کے 39، کمرم بھیم آصف آباد کے 19 جگتیال کے 24،پدا پلی کے 21بھدرادری کتہ گوڑم کے 22،سنگا ریڈی کے دو، ونپرتی کے 3،ناگر کرنول 21،طجوگو لامبا گدوال کے 17،وقار آباد کے 32، نظام آباد تین، گنٹور 172، نیلور 68، پرکاشم تین، کرنول 110، عازمین شامل ہیں۔
مزید پڑھیں:Hajj 2022: تلنگانہ سے عازمین حج کا تیسرا قافلہ روانہ
ایر پورٹ پر ارکان حج کمیٹی سید غلام احمد حسین (صدر مجلس ضلع کریم نگر) محمد نذیر الدین اور سید عرفان الحق کے علاوہ اسٹاف حج کمیٹی جناب محمد مسعود علی نے عازمین حج میں فری سم کارڈز تقسیم کئے۔ جو سعودی عرب جانے کے بعد ایکٹی ویٹ ہوجائیں گے۔ انہو ں نے سم کارڈز کو ایکٹی ویٹ کرنے کا طریقہ بھی عازمین کو سمجھایا۔