کولکاتا: مغربی بنگال میں نظم و نسق کی صورتحال اور خواتین کے خلاف جرائم میں اضافہ کے بعد حکمراں جماعت ترنمول کانگریس اپوزیشن جماعتوں کی تنقید کا نشانہ بن رہی ہے۔ جنوبی 24 پرگنہ کے بھانگوڑ تھانہ کے تحت ایک نمبر پنچایت میں ایسا ہی ایک واقعہ پیش آیا جہاں ترنمول کانگریس جماعت اور اس کے رہنما پر سوال اٹھنے لگا ہے۔ ضلع کے بھانگوڑ کے ایک نمبر پنچایت میں ترنمول کانگریس کے رہنما اور پنچایت سمیتی کے رکن شاہجہاں ملا پر ایک خاتون کو جان سے مارنے کی دھمکی کا الزام عائد کیا گیا ہے۔ TMC Leader Accused of Threatening Woman
ذرائع کے مطابق ترنمول کانگریس کے رہنما اور پنچایت سمیتی کے رکن شاہجہاں ملا پر تانیا داس نام کی ایک خاتون کی چودہ بیگھہ پر ناجائز قبضے کا الزام ہے۔ شاہجہاں ملا زمین کے معاملے پر بات چیت کرنے گئے تھے۔ معاملہ الجھنے کے بعد انہوں نے پولیس کے سامنے ہی خاتون کو گولی مارنے کی دھمکی دی۔
مزید پڑھیں:Honor Killing: محبت کی شادی کرنے والے جوڑے پر فائرنگ، لڑکی ہلاک
خاتون نے ضلع پولیس سپرنٹنڈنٹ سے اپنی جان کی سلامتی کی فریاد کی اور شاہجہاں ملا کے خلاف شکایت درج کرائی ہے اور ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ دوسری طرف پنچایت سمیتی کے رکن شاہجہاں ملا نے کہا کہ خاتون کا الزام بے بنیاد ہے۔ وہ پولیس کے سامنے کسی کو گولی مارنے کی دھمکی کیسے دے سکتے ہیں؟ خاتون کی زمین پر قبضہ کرنے کے الزام کو بھی بے بنیاد قرار دیا ہے۔