تلنگانہ اردو اکیڈمی کے صدر مولانا عبدالرحیم انصاری نے اسکولی تعطیلات میں اردو زبان کو فروغ دینے کی غرض سے 'آؤ اردو سیکھیں' کے عنوان سے ایک پروگرام ترتیب دیا ہے۔
جس کے تحت ریاست بھر میں 75 مراکز قائم کیے گئے ہیں اور اسی کے تحت مساجد اور سرکاری اسکولوں میں ان کلاسز کا اہتمام کیا جارہا ہے۔
اس سلسلے میں اردو اکیڈمی کی جانب سے طلباء کو لکھنے پڑھنے کی کتابیں اور دیگر ساز و سامان فراہم کیا گیا ہے۔ طلباء میں بھی اردو سیکھنے کے لیے خاصی دلچسپی دیکھی جارہی ہے بڑی تعداد میں طلبا ان کلاسز میں شرکت کر رہے ہیں۔
سرپرست حضرات بھی اپنے بچوں کو اردو سیکھنے کے لیے ان کلاسز میں داخلہ کروا رہے ہیں طلبہ اور سرپرستوں نے ان کلاسز کے تئیں اپنے مثبت خیالات کا اظہار کیا ہے۔