پرچم کشائی کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے چیف جسٹس کوہلی نے کہا کہ حیدرآباد عالمی ٹکنالوجی کے ساتھ پیشرفت کررہا ہے۔ چاہے کتنی ہی رکاوٹیں کیوں نہ ہوں، اسی طرح کے جذبہ کے ساتھ مستقبل میں آگے بڑھنے کی ضرورت ہے۔
انہوں نے کہا کہ کووڈ-19نے پوری دنیا کو مشکلات سے دوچار کیا۔ اس پر قابو پاتے ہوئے ہم آگے بڑھیں گے۔ وبائی مرض کے دوران تلنگانہ ہائی کورٹ نے مختلف تجاویز اور بیداری کے اقدامات میں فعال کردار ادا کیا تھا۔ انہوں نے مزید کہا کہ مشکل گھڑی میں بھی عدالتوں نے اپنے فرائض بخوبی انجام دیئے۔
کووڈ کی صورتحال کے دوران ججس، کورٹ کے اہلکاروں نے کندھے سے کندھا ملا کر ہمت کے ساتھ کام کیا۔ انہوں نے کہا کہ سال 2020 سے کئی غیرمتوقع چیلنجس ابھر کر سامنے آئے۔ کورونا کے بحران کے خاتمہ کے لئے ہائی کورٹ آگے آگے تھا کیونکہ اس نے اس بات کو یقینی بنایا تھا کہ کورونا کے مناسب معائنے اور علاج کے اقدامات کئے جائیں۔ وکلا کے تعاون کے ذریعہ معاملات کی بذریعہ آن لائن سماعت کو یقینی بنایا گیا۔ انہوں نے اس یقین کا اظہار کیا کہ ملک میں جلد ہی معمول کے حالات بحال ہوجائیں گے۔