تلنگانہ کے وزیراعلی کے چندرشیکھر راو نے یکم جولائی سے اسکولز میں آن لائن تعلیم کا آغاز کرنے کا فیصلہ کرتے ہوئے ضروری اقدامات کرنے کی ریاستی وزیر تعلیم سبیتا اندرا ریڈی کو ہدایت دی۔ وزیراعلی نے اسکولز میں 50 فیصد ٹیچرز کی حاضری کو یقینی بنانے پر زور دیا۔
وزیر تعلیم نے اس معاملے پر محکمہ اعلیٰ تعلیم کے عہدیداروں سے تبادلہ خیال کیا۔ جس کے بعد محکمہ تعلیم نے واضح کردیا کہ یکم جولائی سے ریاست میں اسکولز کی کشادگی عمل میں آئے گی۔ تاہم باقاعدہ کلاسیس نہیں رہیں گی بلکہ آن لائن کلاسیس کا آغاز کیا جارہا ہے۔ اب تک یہ کہا جارہا تھا کہ 8 ، 9 ، 10 ویں جماعتوں کے لیے باقاعدہ کلاسیس رہیں گی۔ مگر حکومت کے تازہ فیصلے کے بعد ان جماعتوں کے لیے بھی آن لائن کلاسیس کا اہتمام کرنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ ساتھ ہی اسکولز میں 50 فیصد ٹیچرز کی حاضری کو لازمی قرار دیا گیا ہے۔ ایک دن 50 فیصد ٹیچرز اسکولز میں حاضر ہوں گے دوسرے دن 50 فیصد ٹیچرز اسکولز میں حاضر ہوں گے۔ امکان ہے کہ ایک دو دن میں اس سلسلہ میں جی او کی اجرائی عمل میں آئے گی۔