ریاست تلنگانہ کے ضلع محبوب نگر کے بیشتر ٹیکہ اندازی کے مراکز پر کورونا کے ٹیکے ختم ہوگئے ہیں۔ ان مراکز پر ”نو اسٹاک“کے بورڈس لگادیئے گئے ہیں۔ ٹیکے کب دیئے جائیں گے کسی کو پتہ نہیں۔
ضلع میں ان ٹیکوں کے مناسب اسٹاک کی عدم دستیابی کی وجہ سے عوام کو مشکلات کا سامنا کرنا پڑرہا ہے۔ کئی افراد صبح ہی سے ان مراکز پر پہنچ کر ٹیکہ لینے کے لئے اپنی باری کے منتظر ہیں، تاہم ٹیکے کے نہ ہونے کی وجہ سے ان کو مسائل کا سامنا کرنا پڑا۔
مراکز پر ٹیکوں کے لئے آنے والے افراد سماجی فاصلہ کو بھی برقرار نہیں رکھ رہے ہیں۔ ضلع کے صحت مراکز، پرائمری ہیلتھ سنٹرز اور دیگر سنٹرز پر ایسی صورتحال دیکھی جارہی ہے۔ ہفتہ کو محبوب نگر کے 16 مراکز میں صرف 570 ڈوز ہی دستیاب کروائے جاسکے۔ لیکن 8 مراکز پر اب ٹیکے دستیاب نہیں ہیں۔
یہ بھی پڑھیں:Corona Virus Update: بھارت میں کورونا کے 38,079 نئے کیسز، 560 اموات درج
ضلع کے جنرل اسپتال میں ٹیکے کے لئے لوگ بڑی تعداد میں پہنچ گئے جن کو مایوسی کا سامنا کرنا پڑا۔ ویکسین انچارج وشنو پریہ نے کہا کہ وافر اسٹاک نہیں ملا ہے جس کی وجہ سے یہ صورتحال پیدا ہوئی ہے۔ اگر اسٹاک مناسب ہوں تو تمام کو ٹیکے دیئے جاسکتے ہیں۔ قبل ازیں ٹیکے کا پہلا ڈوز حاصل کرنے والوں کو دوسرا ڈوز لینے کے لئے مشکلات کا سامنا کرنا پڑا۔
وہیں عوام کا کہنا ہے کہ ٹیکہ اندازی کے مراکز کے قریب مناسب انتظامات نہیں کئے گئے۔ بعض افراد نے کہا کہ دوسرے ڈوز کے لیے وہ جڑچڑلہ گئے تھے تاہم وہاں پر اسٹاک نہیں تھا جس کی وجہ سے وہ محبوب نگر ضلع میں دوسرا ڈوز لینے کے لیے پہنچے۔ گزشتہ تین دنوں سے دونوں جگہ پر کورونا کے ٹیکے دستیاب نہیں ہیں۔
یو این آئی