اس موقع پر میڈیا سے بات کرتے ہوئے ریاست کے پولیس سربراہ نے کہا کہ شہر میں ویسٹ، ایسٹ، نارتھ کے ساتھ ساتھ رچہ کنڈہ پولیس کمشنریٹ کے ایل بی نگر زون کا معائنہ کیا گیا۔
کورونا وائرس کی روک تھام کے لئے یہ لاک ڈاون لگایاگیا ہے۔ عوام پولیس کے ساتھ تعاون کرتے ہوئے غیر ضروری طورپر گھروں سے باہر نہ نکلیں۔ سڑکوں پر نکلنے پر گاڑیوں کو یقینی طورپر ضبط کرلیاجائے گا۔
حکومت کی ہدایت کے مطابق صبح 6 بجے سے ایک بجے دوپہر تک ہی دکانات کھلی رکھی جاسکتی ہیں۔ ایک بجے سے دو بجے تک گھروں کو جانے کی اجازت ہے تاہم دو بجے دن کے بعد لاک ڈاون پر سختی سے عمل کیاجارہا ہے اور اس لاک ڈاون کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف قانون کے مطابق کارروائی کی جائے گی۔
مال بردار گاڑیوں کو 9 بجے شب سے 11 بجے دن تک داخل ہونے کی اجازت ہے۔ بقیہ وقت میں شہر حیدرآباد میں مال بردارگاڑیوں کو داخل ہونے کی اجازت نہیں ہے۔ گاڑیوں کے سڑک پر نظر آنے پر ان کو ضبط کرلیاجائے گا۔
ساتھ ہی بین ریاستی چیک پوسٹوں پر گاڑیوں کی نقل وحرکت کو باقاعدہ بنایا گیا ہے۔ مریضوں کے ساتھ آنے والے ایمبولنس گاڑیوں کوتلنگانہ میں آنے کی اجازت دی جارہی ہے۔ بقیہ گاڑیوں کے لئے ای پاس لازمی کیا گیا ہے۔
مزید پڑھیں:
متحدہ آندھراپردیش کے سابق چیف سکریٹری ایس وی پرساد چل بسے
انہوں نے عوام سے خواہش کی کہ وہ لاک ڈاون کے نفاذ میں تعاون کریں اور غیر ضروری طور پر سڑکوں پر نہ نکلیں۔ پولیس لاک ڈاون پر صد فیصد عمل کویقینی بنانے کے اقدامات کررہی ہے جس کے لئے عوام کا صدفیصد تعاون ضروری ہے۔
یواین آئی