تلنگانہ کے وزیر اعلی کے سی آر نے کہا کہ ترقی پسند حکومت میں کشمیر فائلز کے بجائے آبپاشی فائلز، اقتصادی فائلز کو فروغ دیا جاتا ہے۔ KCR on Kashmir Files
کے چندر شیکھر راؤ نے پیر کے روز بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے رہنماوں کو کشمیر فائلز کی تشہیر پر آڑے ہاتھوں لیا اور دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر جھوٹے پروپیگنڈے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
ایک پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کے سی آر نے کہا، "دی کشمیر فائلز فلم کیا ہے؟ اگر کوئی ترقی پسند حکومت ہو تو آبپاشی کی فائلیں، اقتصادی فائلیں ہونی چاہیے۔ کشمیر فائلیں کون چاہتا ہے؟ دہلی میں کشمیری پنڈتوں کا کہنا ہے کہ انہیں کوئی ریلیف نہیں ملتا۔ لیکن سوشل میڈیا کے ذریعے جھوٹے پروپیگنڈے کو فروغ دیا جا رہا ہے۔
"بی جے پی کی حکومت والی ریاستیں مذکورہ فلم کو فروغ دے رہی ہیں۔ یہ تقسیم کیوں؟ وہ اس ملک کو کہاں لے جانا چاہتے ہیں؟ کشمیر کے پنڈت کہتے ہیں کہ کچھ لوگ ووٹ کے لیے ایسا کر رہے ہیں۔ 'ہمیں کشمیر فائلز اور اصل حقائق سے لوگوں کو آگاہ کرنا چاہیے۔'
کے سی آر نے لوگوں پر زور دیا کہ وہ تقسیم کی سیاست کو مسترد کریں۔ انھوں نے دعویٰ کیا کہ بی جے پی کا متبادل جلد ہی سامنے آئے گا۔ انہوں نے کہا کہ "قومی سطح پر ایک خلا ہے، اس میں کوئی شک نہیں، بہت بہترین متبادل سامنے آئے گا، گنجائش موجود ہے اور اب عمل شروع ہو گیا ہے۔"
فلم دی کشمیر فائلز میں کشمیری پنڈتوں کی ہجرت کو دکھایا گیا۔ مذکورہ فلم پر لوگوں کی مختلف رائے ہے۔ ایک طبقہ اس فلم کو پسند کررہا ہے تو دوسری طرف فلم کے بارے میں یہ کہا جارہا ہے کہ اس میں آدھا سچ دکھایا گیا۔