پرشانت کشور کے ساتھ وزیراعلیٰ نے آج بھی تبادلۂ خیال کا سلسلہ جاری رکھا۔ سمجھا جاتا ہے کہ اس ملاقات کے دوران دونوں اہم شخصیات میں ریاست کے اسمبلی انتخابات اور دیگر امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ گزشتہ چند دنوں سے پرشانت کشور، وزیراعلیٰ سے ربط میں ہیں۔ بتایا جاتا ہے کہ وزیراعلیٰ سے پرشانت کشور نے ان 89 حلقوں پر کئے گئے سروے کے بارے میں بات چیت کی جس کا سروے ان کی ٹیم نے حال ہی میں کیاتھا۔
انہوں نے پہلے ہی 30 حلقوں میں کئے گئے سروے کی رپورٹ وزیراعلیٰ کے حوالے کردی تھی۔ اس ملاقات کے موقع پر وزیراعلیٰ کے چندر شیکھر راؤ کے فرزند و ریاست کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی کے تارک راما راؤ بھی موجود تھے۔ اس ملاقات کے دوران مختلف امور زیر بحث آئے۔ ریاست میں اسمبلی انتخابات 2023 میں ہونے والے ہیں۔اس کے پیش نظر تلنگانہ کی حکمران جماعت ان انتخابات کی تیاریوں کے سلسلہ میں پرشانت کشور کی خدمات حاصل کررہی ہے۔ملک اور ریاست کے سیاسی حالات اور حال ہی میں وزیراعلیٰ کے چندرشیکھر راؤ کی جانب سے علاقائی جماعتوں کے لیڈروں سے ہوئی ملاقات کے مسئلہ پر بھی بات چیت کی اطلاع ملی ہے۔ ریاست میں آئندہ سال ہونے والے انتخابات کے پیش نظر اس ملاقات کو اہمیت حاصل ہوگئی ہے۔
یو این آئی