آکسیجن سلنڈرس کی کالابازاری کے نتیجہ میں اسپتالوں میں ان کی امکانی قلت سے متعلق موصول بیشتر شکایات کے پیش نظر اس بات کا فیصلہ کیا گیا کہ ڈرگ کنٹرول ایڈمنسٹریشن، ٹاسک فورس حیدرآباد سٹی پولیس، ڈائرکٹر صحت عامہ اور ڈپٹی چیف کنٹرولر ایکسپلوسیوز پر مشتمل مشترکہ ٹیمیں اسپتالوں کا معائنہ کریں گی اور ڈیلرس سے ملاقات کریں گی تاکہ رہنمایانہ خطوط کے مطابق آکسیجن سلنڈرس سے استفادہ کیا جا رہا ہے یا نہیں اس کا جائزہ لیا جا سکے۔
یہ ٹیمیں قواعد کی خلاف ورزی پر قانونی چارہ جوئی کریں گی۔ ہفتہ کو جاری کردہ ایک سرکاری بیان میں کہا گیا کہ کووڈ 19 کا علاج کرنے والے تمام اسپتالوں کو مشورہ دیا جائے کہ کرایوجینک لکویڈ آکسیجن ٹینکس / ویسلس کا استعمال کیا جائے تاکہ سلنڈرس کے استعمال میں امکانی کمی کو روکا جاسکے۔
اس بات کا اعادہ کیاگیا کہ ایسے تاجرین جو آکسیجن سلنڈرس کا اسٹاک رکھتے ہیں کو چاہئے کہ وہ پی ای ایس او سے لائسنس حاصل کریں، اس میں ناکامی پر ایکسپلوسیوز ایکٹ کے تحت قانونی چارہ جوئی کی جائے گی۔