حیدرآباد: تلنگانہ کے دارالحکومت حیدرآباد کے بنجارہ ہِلز علاقے میں چار سالہ معصوم بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کا معاملہ سامنے آیا۔ بتایا جا رہا ہے کہ ایک اسکول کے پرنسپل کے ڈرائیور کے طور پر کام کرنے والے شخص نے بچی کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ متاثرہ کے والدین کی شکایت پر پولیس نے ملزم ڈرائیور کو گرفتار کر لیا ہے۔ ساتھ ہی پولیس معاملے کی جانچ میں مصروف ہے۔ بتایا جا رہا ہے کہ ڈرائیور کی حرکات سے معصوم بچی بے ہوش ہو گئی تھی۔ ماں نے بچی سے جب پوچھا تو اسے واقعہ کا علم ہوا جس کے بعد گھر والوں اور پڑوسیوں نے اسکول جا کر ڈرائیور کی پٹائی کی اور اسے پولیس کے حوالے کر دیا۔ Hyderabad Crime News
پولیس اور اہل خانہ کے مطابق چار سالہ بچی بنجارہ ہِلز کے ایک اسکول میں ایل کے جی میں زیر تعلیم ہے۔ کچھ دنوں سے ذہنی تناؤ کا شکار بچی پیر کے روز اسکول سے روتی ہوئی گھر آئی تو ماں نے اس سے دریافت کیا۔ جس میں معلوم ہوا کہ بچی کے ساتھ رجنی کمار نام کے 36 سالہ شخص جو دس سال سے زیادہ عرصے سے اسکول کے پرنسپل کے لیے ڈرائیور کے طور پر کام کر رہا ہے نے غلط حرکت کی۔ اس معاملے میں پولیس نے پرنسپل اور عملے سے پوچھ گچھ کی۔ بنجارہ ہلز کے انسپکٹر نریندر نے بتایا کہ بچی کو ہیلپ سنٹر میں منتقل کر دیا گیا ہے اور ملزم کے خلاف پوکسو ایکٹ کے تحت عصمت دری کا معاملہ درج کیا گیا ہے۔ مقامی لوگ بنجارہ ہِلز پولیس اسٹیشن پہنچے اور ملزم کو سخت سے سخت سزا دینے کے لیے نعرے لگائے۔