ریاست تلنگانہ کے گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن نے شہر کے حدود میں واقع آنا پورنا کینٹین شروع کر دیا ہے۔ قومی لاک ڈاؤن کے بیچ شہر میں پھنسے لوگوں کو اس سے کافی آرام ملا ہے۔
ہزاروں کی تعداد میں ہاسٹلز میں رہائش پذیر افراد ان کینٹینز سے استفادہ کر رہے ہیں۔ ملک کی مختلف ریاستوں سے تعلیم و روزگار کے لیے ہزاروں افراد ہاسٹلز میں مقیم ہیں جو لاک ڈاؤن کے باعث پریشان ہیں۔ ہاسٹل انتظامیہ کی جانب سے انہیں ہاسٹل خالی کرنے کی ہدایت دی گئی ہے۔ انہیں کھانا فراہم نہیں کیا جا رہا ہے۔
ان افراد نے مختلف پولیس اسٹیشنوں اور وزراء سے اپیل کی ہے کہ انہیں اپنے گھر جانے کا موقع فراہم کیا جائے۔
کورونا وائرس پر قابو پانے کے لیے کیے جانے والے اقدامات کے باعث حکومت نے ان افراد کو جانے کی اجازت نہیں دی ہے۔ تاہم جی ایچ ایم سی کی جانب سے ان کے کھانے کا انتظام کیا گیا ہے۔ ہاسٹلز کے رہائشی افراد نے حکومت سے دن کے علاوہ رات میں بھی کھانے کی سہولت فراہم کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔