مساجد میں 5 افراد کو نماز کی جو اجازت ہے، ان شرائط کے ساتھ ہی نماز عید الفطر ہوگی اور خطبہ دیا جائے گا لیکن عام داخلہ کی اجازت حاصل نہیں رہے گی۔
حیدرآباد کی مختلف مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے یہ فیصلہ ہو رہا ہے کہ جن لوگوں کے ساتھ نماز پنجگانہ ادا کی جا رہی تھی ان کے ساتھ نماز عید الفطر ادا کی جائیگی اور عام داخلہ کی اجازت نہیں رہیگی۔
مساجد کے ذمہ داران کی جانب سے اس مسئلہ پر علما سے مشاورت بھی کی جا رہی ہے۔ ذرائع کا کہنا ہے کہ 5 افراد کے ساتھ نمازوں کی جو اجازت ہے وہ برقرار ہے ۔ 5افراد نماز پنجگانہ اور جمعہ کی طرح نماز عیدالفطر بھی ادا کریں لیکن اگر تعداد سے زیادہ افراد جمع ہوتے ہیں تو ان کے خلاف مقدمات درج کئے جائیں گے۔ شہر میں کئی مساجد میں معمول کی نمازوں کے مطابق نماز عیدکے انتظامات کرلئے گئے ہیں لیکن عید کے موقع پر کسی میدان یا عید گاہ میں نماز نہیں ہوگی ۔ مساجد کی کمیٹیوں کی جانب سے عید کی نماز کیلئے ان مصلیوں کو اجازت کا فیصلہ کیا گیا جو روزانہ پنجوقتہ نمازوں کیلئے موجود تھے اور بعض مساجد میں معتکفین کی جانب سے نماز عید الفطر ادا کی جائیگی اور کسی کو مسجد میں داخل ہونے نہیں دیا جائیگا ۔