گنٹور: آندھراپردیش کے ضلع گنٹور میں نویں جماعت کی طالبہ کےساتھ جنسی زیادتی کا واقعہ پیش آیا۔ پولیس نے اس واقعہ کے سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے دو افراد کو گرفتار کرلیا اور جانچ شروع کر دی۔ پولیس نے متاثرہ کو طبی معائنہ کے لیے اسپتال منتقل کر دیا۔ اس واقعہ کے خلاف جنا سینا پارٹی کی جانب سے احتجاج کیا گیا۔ مظاہرین نے الزام لگایا کہ ریاست میں لڑکیاں محفوظ نہیں ہیں اور ایسے واقعات میں اضافہ سے ریاستی حکومت کی ناکامی کا پتہ چلتا ہے۔
واضح رہے کہ کچھ دن قبل ریاست کے کرشنا ضلع میں سرکاری اسپتال کے احاطے میں گھناؤنا واقعہ پیش آیا تھا۔ ایک 23 سالہ ذہنی معذور خاتون کو تین مردوں نے اجتماعی جنسی زیادتی کا نشانہ بنایا۔ تقریباً 30 گھنٹے تک اس کے ساتھ انتہائی وحشیانہ سلوک کیا گیا۔ ملزمان خاتون کو گورنمنٹ جنرل ہسپتال کے احاطے میں ایک ویران جگہ پر لے گئے اور اس کے ساتھ جنسی زیادتی کی۔ جنسی زیادتی کے ایک کے بعد دیگر واقعات سے جگن حکومت کی کارکردگی پر سوال اٹھ رہے ہیں اور اپوزیشن اسے حکومت کی ناکامی قرار دے رہی ہے۔