دھرنا چوک پر احتجاجی اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے پرکاش راج نے ملک کے آئین کے ساتھ چھیڑ چھاڑ نہ کرنے کا وزیر اعظم مودی اور امیت شاہ کو انتباہ دیا۔
انہوں نے کہا کہ بھارت کا آئین ہر شہری کے لیے حرف آخر ہے اور اس کا ایک لفظ بھی نہیں بدلا جاسکتا اور اگر اس میں تبدیلی کی کوشش کی گئی تو ہم اس کے خلاف آواز اٹھائیں گے جبکہ ہمیں اس کے بدلے میں گولی ہی کیوں نہ کھانی پڑے۔
پرکاش راج نے وزیر اعظم مودی سے مطالبہ کیا کہ قومی رجسٹر بنانے کے بجائے بیروزگاری، ملک میں بڑھتی ناخواندگی اور بھوک مری کا رجسٹر بنانا چاہیے تاکہ پتہ چلے کہ ملک کس طرف جا رہا ہے۔
انہوں نے مودی کو آگاہ کیا کہ ان کی شاہ خرچی عوام کے ٹیکس کی بدولت ہے جس پر انہیں اترانے کی ضرورت نہیں۔ اداکار نے مودی کا ہٹلر سے تقابل کرتے ہوئے کہا کہ اس کی روش پر چلنے والی آنا پرست حکومت کا انجام بھی اسی کے مماثل ہوگا۔