حیدرآباد: ملک بھر میں کسی بھی سکریٹریٹ میں مسجد، مندر اور گرجاگھر موجود نہیں ہیں۔ یہ کارنامہ صرف اور صرف تلنگانہ سکریٹریٹ کو حاصل ہے جہاں پر تینوں عبادت گاہیں حکومت کی جانب سے بنائی گئی ہیں۔ اس تاریخی کارنامہ کو انجام دینے کا سہرا ریاستی وزیر اعلیٰ کلوا کنٹلا چندرا شیکھر راؤ کے سر جاتا ہے۔ ان خیالات کا اظہار ریاستی وزیر داخلہ محمد محمود علی نے منگل کو سکریٹریٹ میں واقع دونوں مساجد کی تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے بعد کیا۔
وزیر داخلہ نے اقلیتی بہبود سکریٹری سید عمر جلیل کے ہمراہ تلنگانہ سکریٹریٹ میں زیر تعمیر دونوں مساجد کے کاموں کا جائزہ لیا۔ اس موقع پر وزیر داخلہ نے کہا کہ دونوں مساجد کا کام عنقریب پایہ تکمیل کو پہنچے گا۔ اور وزیر اعلیٰ کے چندرا شیکھر راؤ کے اعلان کردہ 25 آگسٹ کو دونوں مساجد کا افتتاح عمل میں لایا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ سکریٹریٹ میں موجود دونوں مساجد، مسجد معتمدی اور مسجد ہاشمی کا تعمیراتی کام کافی تیزی سے چل رہا ہے۔ فلورنگ اور طہارت خانوں کا تھوڑا کام باقی ہے، جن کو 20 آگسٹ تک مکمل کر لیا جائے گا۔
وزیر موصوف نے کہا کہ دونوں مساجد کافی خوبصورت بنائی جارہی ہیں۔ اس دوران مساجد کے ذیلی گتہ دار عبدالمعید خان نے وزیر داخلہ کو تفصیلات بتاتے ہوئے کہا کہ مساجد کے تمام کام مکمل کر لئے گئے ہیں۔ جو بھی کام باقی ہیں انہیں پانچ دنوں میں مکمل کرکے مساجد کی کنجیاں ذمہ داروں کے حوالے کئے جائیں گے۔ وزیر داخلہ محمد محمود علی نے کہا کہ زیر تعمیر مساجد نہ صرف تلنگانہ بلکہ ملک بھر کے لیے مثالی ہوں گی کیونکہ ان کا ڈیزائن اور گنبد ترکی ماڈل کے ہیں۔جو بہت ہی خوبصورت اور دلکش نظر آرہے ہیں۔
مزید پڑھیں: تلنگانہ سکریٹریٹ میں دو مساجد کا انہدام قابل مذمت عمل
وزیر داخلہ محمد محمود علی نے تعمیراتی کاموں کے متعلق اطمینان ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ گتہ دار اور انجیئنرز کافی سنجیدگی اور وعدہ کے مطابق خدمات انجام دے رہے ہیں۔ سکریٹری، اقلیتی بہبود نے بھی گتہ دار اور انجیئنرز کو ضروری ہدایات دی اور کہا کہ وزیر اعلیٰ کے سی آر بیک وقت مساجد، مندر اور گرجاگھر کی افتتاحی تقریب میں حصہ لیں گے۔