حیدرآباد: تلنگانہ اور آندھراپردیش میں کورونا کی دوسری لہر کے سبب شادیاں اور کئی اہم تقاریب ملتوی کردی گئیں۔
کورونا کے معاملات میں اضافہ پر حکومت نے عوام کے جمع ہونے پر پابندی عائد کردی ہے جس کو دیکھتے ہوئے شادیوں اور دیگر تقاریب کو ملتوی کردیا گیا ہے۔
حکومت نے محدود مہمانوں کے ساتھ شادیوں کی اجازت دی ہے تاہم اس میں بھی ہر کسی کے لئے ماسک کے استعمال، سماجی فاصلہ کو لازمی قرار دیاگیا ہے۔
دوسری طرف پنڈتوں کا کہنا ہے کہ مئی میں شادیاں،گھروں میں داخل ہونے کی تقاریب اور اہم تقاریب کیلئے بہتر مہورت تھا۔
شادی کی پلاننگ کرنے والے کئی افراد نے کہا کہ کورونا وبا کی وجہ سے گذشتہ سال اپریل سے اپنی شادی کو جاریہ سال اپریل /مئی تک ملتوی کردیا تھا تاہم اس مرتبہ اسی عرصہ کے دوران کورونا کی دوسری لہر آگئی جس کی وجہ سے لوگوں کے بڑے پیمانہ پر جمع ہونے پر پابندی عائد کی گئی ہے۔
گذشتہ سال مکمل لاک ڈاون کی وجہ سے کافی کم شادیاں ہوئی تھیں۔ شادیوں کی منصوبہ بندی کرنے والے جاریہ سال گرما کے موسم میں شادیوں کے اہتمام کی امید کررہے تھے جس کی منصوبہ بندی بھی کی جارہی تھی تاہم کورونا کی دوسری لہر نے ان کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے۔
بعض افراد نے کورونا وبا کی دوسری لہر کے دوران محدود مہمانوں کی موجودگی میں شادی کی تو بعض نے آن لائن شادیوں کا اہتمام کرلیا اور اس کا راست ٹیلی کاسٹ مہمانوں کے لئے کیا گیا۔