آج عظیم تر بلدیہ حیدرآباد انتخابات کی انتخابی مہم کے دوران ٹولی چوکی علاقہ میں مجلس اتحاد المسلمین اور کانگریس کے کارکنوں کا آمنا سامنا ہوگیا جس کے بعد ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کی گئی۔
مجلس اور کانگریس کارکنوں کی جانب سے ایک دوسرے کے خلاف نعرے بازی کرنے کے بعد ٹولی چوکی علاقہ میں کچھ دیر کےلیے دہشت پھیل گئی۔ بعدازاں پولیس نے دونوں پارٹیوں کے کارکنوں کو منتشر کردیا۔
حلقہ جوبلی ہلز کے ڈیویژن شیخ پیٹ میں آج صدر مجلس بیرسٹر اسدالدین اویسی نے پیدل دورہ کرتے ہوئے رائے دہندوں کو مجلس کے حق میں ووٹ دینے کی اپیل کر رہے تھے کہ ان کا سامنا کانگریسی امیدوار نظام الدین سے ہوگیا جبکہ وہ بھی اسی علاقہ میں انتخابی مہم میں مصروف تھے۔
واضح رہے کہ گریٹر حیدرآباد انتخابات کےلیے 18 نومبر سے پرچہ نامزدگی داخل کرنے کا آغاز کیا گیا جبکہ 20 نومبر کو پرچہ نامزدگی داخل کرنے کی آخری تاریخ تھی اور 21 تاریخ کو نامزدگی کی جانچ کی جائے گی- وہیں 22 نومبر کو 3 بجے تک نام واپس کےلیے مہلت دی گئی تاہم 22 نومبر کو الیکشن کمیشن کی جانب سے امیدواروں کی فہرست جاری کردی گئی۔ یکم دسمبر کو ووٹ ڈالے جائیں گے اور 4 دسمبر کو ووٹوں کی گنتی عمل میں آئے گی۔