تلنگانہ کے وزیر صحت ایٹالہ راجندر نے ہفتے کے روز کہا کہ ریاست کے کسی بھی حصے میں لاک ڈاؤن یا نائٹ کرفیو نافذ کرنے کا کوئی امکان نہیں ہے اور عوام سے اپیل کی ہے کہ وہ کووڈ 19 احتیاطی تدابیر اختیار کریں۔
وزیر موصوف نے بتایا کہ حیدرآباد میں چار نئے کووڈ کیئر سینٹر نیچر کلینک، بیگم پیٹ، ایراگڈا آیور ویدا کالج، نظامیہ طبی اسپتال اور سروجنی دیوی اسپتال میں قائم کیے گئے ہیں اور کہا ہے کہ ان مراکز کے لئے 1.79 کروڑ روپئے مختص کیے گئے ہیں۔
ایٹالہ راجندر نے نجی اور کارپوریٹ اسپتالوں کو بھی ریاست میں پھیلنے والے کووڈ 19 کی جانچ کے لئے سرکاری ہدایات پر عمل کرنے کی تاکید کی۔
انھوں نے کہا کہ دوسری لہر کا سامنا کرنے کے لئے ہر طرح سے تیار رہیں۔ میڈیکل کالجوں کو کورونا علاج کے لئے باقاعدہ بستروں کے ساتھ آئی سی یو اور وینٹیلیٹر بیڈ تیار کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ 'نجی اسپتالوں کے ساتھ مل کر حکومت احتیاطی تدابیر اختیار کر سکتی ہے۔ انھوں نے نجی ہسپتالوں سے کہا کہ وہ 50 فیصد تک بستر اور پریشانی سے پاک خدمات پیش کریں جو سرکاری اسپتالوں میں پیش کی جارہی ہیں۔'