حیدرآباد: انفورسمنٹ ڈائرکٹوریٹ (ای ڈی) نے بی آر ایس کی رکن قانون ساز کونسل کویتا کو دہلی شراب پالیسی معاملہ میں نوٹس جاری کی ہے۔ ان سے 9 مارچ کو حاضر ہونے کی درخواست کی گئی ہے۔ ایجنسی کی جانب سے حیدرآبادی تاجر ارون رامچندر پلائی کی گرفتاری کے بعد ان کو یہ نوٹس جاری کی گئی ہے۔ ای ڈی نے منگل کو دہلی کورٹ میں ریمانڈ رپورٹ داخل کرتے ہوئے کہا تھا کہ رامچندر پلائی بڑے پیمانہ پر رشوت کی ادائیگی کے اس سارے معاملہ اور جنوبی گروپ کے قیام کے اہم افراد میں سے ایک ہیں۔کویتا نے ای ڈی کی نوٹس پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ 9 مارچ کو ان کو پوچھ گچھ کیلئے دہلی آنے کی ہدایت دی گئی ہے تاہم خواتین ریزرویشن بل پر اس مسئلہ پر احتجاج اور دیگر مصروفیات کے پیش نظر وہ قانونی رائے حاصل کریں گی۔
انہوں نے کہاکہ خواتین تحفظات بل طویل عرصہ سے زیرالتوا ہے۔ ان کا مطا لبہ ہے کہ اس بل کو پارلیمنٹ میں پیش کرتے ہوئے خواتین کو سیاسی شراکت داری میں ان کا حق دیا جائے۔ بھارت جاگروتی جس کی کویتا صدر ہیں، دیگر اپوزیشن جماعتوں اور خواتین تنظیموں کے ساتھ مل کر 10 مارچ کو جنتر منتر پر ایک روزہ پُرامن بھوک ہڑتال کریں گی۔ یہ بھوک ہڑتال خواتین ریزرویشن بل کو منظور کرنے کے مطالبہ پر کی جارہی ہے۔ ان سرگرمیوں کے پیش نظر 9مارچ کو ان کو قومی دارالحکومت آنے کی ای ڈی نے ہدایت دی ہے۔ انہوں نے کہا کہ قانون پر عمل کرنے والی ایک شہری کے طورپر وہ جانچ ایجنسیوں کے ساتھ مکمل تعاون کریں گی تاہم دھرنا اور دیگر مصروفیات کے سبب وہ ای ڈی کے سامنے حاضر ہونے کی تاریخ سے متعلق قانونی رائے حاصل کریں گی۔
یہ بھی پڑھیں: ED Notices To Kavita کے کویتا کو ای ڈی کا نوٹس
انہوں نے کہاکہ مرکز کی حکمران جماعت، ہمارے لیڈر وزیراعلی تلنگانہ کے چندرشیکھرراو کی جدوجہد اور آواز کے خلاف دھمکانے کے یہ حربے استعمال کررہی ہے۔بی آرایس پارٹی نہیں رکے گی اور وزیراعلی کے چندرشیکھرراو کی قیادت میں ہم ہندوستان کے تابناک مستقبل کے لئے اپنی آواز کو بلند کرتے رہیں گے اور مرکز کی ناکامیوں کو اجاگر کرتے رہیں گے۔انہوں نے کہاکہ دہلی میں اقتدار کے بھوکے افراد کو وہ یہ بتانا چاہتی ہیں کہ تلنگانہ، ایسی جابر اور مخالف عوام حکومت کے سامنے نہیں جھکے گا۔ عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد بلاخوف اور شدت کے ساتھ جاری رہے گی۔
یو این آئی