متحدہ آندھراپردیش کےسابق وزیراعلی آنجہانی ڈاکٹر راج شیکھر ریڈی کی دختر شرمیلا نے اعلان کیا کہ وہ تلنگانہ میں نئی سیاسی پارٹی تشکیل دیں گی اور پدیاترا بھی کریں گی۔
تلنگانہ تحریک میں جان قربان کرنے والے نوجوانوں اور طلبہ کے ارکان خاندان سے ملاقات کریں گی۔ انہوں نے میڈیا سے غیر رسمی بات چیت میں کہا کہ وہ تلنگانہ کی دختر ہیں۔ ان کی تعلیم و پرورش تلنگانہ میں ہوئی ہے اور وہ بہو بھی تلنگانہ کی ہیں۔
انہوں نے استفسار کیا کہ وزیراعلی کے سی آر اور بی جے پی کی رہنما وجئے شانتی کہاں پیدا ہوئیں پہلے یہ معلوم کریں۔ وہ تلنگانہ کی بہو ہیں اور تلنگانہ عوام کے بارے میں سوچنا ان کا اختیار ہے۔
شرمیلا نے اعتراف کیا کہ سیاسی معاملت میں ان کے بھائی وزیراعلی آندھرا پردیش جگن موہن ریڈی سے اختلافات ہیں مگر اختلافات سیاسی ہیں خاندانی تعلقات پر اس کا کوئی اثر نہیں ہے۔ تاہم نئی سیاسی پارٹی تشکیل دینے کے معاملے میں انہیں ان کی ماں وجیہ اماں کی مکمل تائید و حمایت حاصل ہے۔ انہیں وائی ایس آر کانگریس میں کیوں نظر انداز کیا گیا سوال پر شرمیلا نے میڈیا کو مشورہ دیا کہ وہ یہ سوال جگن موہن ریڈی سے کریں۔
شرمیلا نے کہاکہ وہ راجنا راجیم تشکیل دینے تلنگانہ پہنچی ہیں۔ تلنگانہ کے مسائل ہی ان کی ترجیح رہیں گے۔ پولاورم سے پوتی ریڈی پاڈو تک وہ صرف تلنگانہ کی اہمیت و افادیت کو ترجیح دیں گی اس کیلئے اپنے بھائی وزیراعلی آندھراپردیش جگن موہن ریڈی کا مقابلہ کرنے بھی تیار ہیں۔ وہ کسی کی چھوڑی ہوئی تیر نہیں ہے بلکہ تلنگانہ کے مفادات کا تحفظ کرنے اور عوام کو ان کے جائز حقوق دلانے جدوجہد کریں گی۔