خبروں کے مطابق بعد ازاں اس نے سوڈا کی بنڈی کے مالک کی پٹائی بھی کردی۔ اس سلسلہ میں کی گئی ایک شکایت کی بنیاد پر کے پی ایچ بی پولیس نے ایک معاملہ درج کرلیا۔ پولیس ملازم کے فرزند کی جانب سے چلائی جارہی گاڑی پر کئی چالانات ہیں جو تیز رفتاری اور خطرناک طریقہ سے گاڑی چلانے سے متعلق ہیں۔ واقعہ کے وقت اس گاڑی میں اس کا دوست بھی تھا۔
بتایا جارہا ہے کہ پولیس ملازم کے فرزند کے علاوہ اس کا دوست بھی حالت نشہ میں تھا۔ یہ دونوں کار میں میاں پور سے کوکٹ پلی کی سمت جارہے تھے کہ راستہ میں کے پی ایچ بی پولیس اسٹیشن کے حدود میں دونوں نے سڑک کے کنارے گاڑی ٹہرائی اور شراب کا گلاس ہاتھ میں لیتے ہوئے سوڈا فروخت کرنے والے شخص سے پانی دینے کی خواہش کی جس پر اس شخص نے اعتراض کرتے ہوئے ان سے خواہش کی کہ وہ سڑک پر شراب نہ پئیں جس پر برہمی کے عالم میں پولیس ملازم کے فرزند نے سوڈے کی بنڈی کو الٹ دیا اور پھر اپنی گاڑی کے سامنے کے حصہ سے بنڈی کو ٹکر دے دی۔
بتایا جارہا ہے کہ سوڈا بنڈی کے مالک نے 100 نمبر ڈائل کرتے ہوئے پولیس سے اس کی شکایت کی جس پر پولیس وہاں پہنچی جس نے ان نوجوانوں کو حراست میں لے لیا۔ جب ان کی بریتھ انالائزر کے ذریعہ جانچ کی گئی تو پتہ چلا کہ یہ دونوں پہلے ہی حالت نشہ میں ہیں۔ پولیس نے ان دونوں کے خلاف معاملہ درج کرلیا ہے اور مزید تحقیقات کا آغاز کردیا۔