بھارت کی مختلف ریاستوں میں گزشتہ چند برسوں سے پانی کا شدید بحران پایا جارہا ہے رواں سال جنوبی ہند کو بھی آبی قلت کا سامنا ہے۔
بھارت کے جنوبی شہر حیدرآباد کی باغ عامہ میں واقع مسجد کے احاطے میں زیر زمین پانی کی سطح میں اضافے کے لیے واٹر ہارویسٹنگ کا نظم کیا گیا ہے۔
اس کے لیے یہاں کئی گڈھے بنائے گئے ہیں جنہیں ایک ایسی نالی سے مربوط کیا گیا ہے جس سے وضو کا فاضل پانی اس میں پہنچتا ہے اور پانی اس میں جذب ہوکر زیر زمین آبی سطح میں اضافہ کرتا ہے جس کی وجہ سے پانی کی قلت کو کم کیا جا سکتا ہے۔
شاہی مسجد باغ عامہ کے امام احسن الحمومی نے ای ٹی وی بھارت کے ذریعے عوام کو پانی کے تحفظ کی ترغیب دیتے ہوئے کہا کہ اللہ نے زمین کے تمام وسائل انسان کے لیے پیدا کئے ہیں۔ ان وسائل کی حفاظت ہر فرد پر فرض ہے اور اس کا اصراف گناہ ہے۔
انہوں نے کہا کہ نبی صلی اللہ علیہ وسلم نے بھی صحابہ کو پانی کے احتیاط کا حکم فرمایا اور اصراف سے منع کیا۔
احسن الحمومی نے مزید کہا کہ تمام مساجد انتظامیہ اور عوام کو بھی چاہئے کہ وہ اپنے احاطوں میں اس طرح کے انجذابی گڑھے بنوا کر پانی کے زمین میں پہنچنے کے لیے راستہ بنائیں تاکہ آبی قلت پر قابو پایا جا سکے۔