کاکیناڈہ: آندھرا پردیش میں کاکیناڈا سے 25 کلومیٹر دور تھلاریو بائی پاس روڈ پر اتوار کے روز ایک بس ایک آٹورکشا سے ٹکرا گئی جس میں چھ خواتین مزدوروں کی موت ہو گئی اور چھ دیگر زخمی ہو گئیں، جن میں سے دو کی حالت نازک بتائی جا رہی ہے۔ پولس نے بتایا کہ متاثرہ خواتین کاکیناڈا کے نزدیک جھینگوں کی پروسیسنگ فیکٹری جا رہی تھیں جب یہ واقعہ پیش آیا۔ بھرے آٹورکشا میں سوار خواتین یانم کے نزدیک نیلاپلی گاؤں کی رہنے والی تھیں۔ پولس کے مطابق حادثہ کے وقت پرائیویٹ بس کاکیناڈا سے یانم جا رہی تھی۔ حادثہ کی وجہ سے آٹو رکشہ بری طرح تباہ ہوگیا اور لاشیں سڑک پر بکھر گئیں۔
مہلوکین کی شناخت سیٹی وینکٹلکشمی (41)، کری پدماوتی (42) ، نیممایالا لکشمی (54) ، چنتاپلی جیوتی (38) کے طور پر کی گئی ہے۔ پولس نے بتایا کہ دیگر زخمیوں کی شناخت ابھی نہيں ہوسکی ہے۔ تمام زخمیوں کو یہاں کے سرکاری جنرل اسپتال (جی جی ایچ) میں داخل کرایا گیا ہے۔ پولس نے بتایا کہ لاشوں کو پوسٹ مارٹم کے لیے جی جی ایچ لے جایا گیا ہے۔ پولس نے اس سلسلے میں کیس درج کرلیا ہے اور مزید چھان بین جاری ہے۔
دوسری جانب ہماچل پردیش کے ضلع کانگڑا کے دھرم شالہ میں اتوار کے روز ایک دردناک حادثہ پیش آیا، جس میں ایک ہی کنبہ کے تین افراد سمیت پانچ لوگوں کی موت ہو گئی۔پولیس سے موصولہ اطلاع کے مطابق یہ حادثہ اتھڑاگراں میں اس وقت پیش آیا جب لوگ گیہوں کی کٹائی کرکے اسے کینٹر میں لوڈ کر لے جارہے تھے۔ اتھڑاگران کے نزدیک لنک روڈ پر کینٹر بے قابو ہو کر سڑک سے تقریباً 100 میٹر نیچے جا گرا۔جس کے باعث 4 لوگوں کی موقع پر ہی موت ہوگئی جبکہ ایک زخمی خاتون ٹانڈہ اسپتال میں دوران علاج دم توڑ گئی۔
یو این آئی