حیدرآباد میں خاص طور پر کوویڈ انفیکشن سے متاثر افراد کی لاشوں کو منتقل کرنا مشکل ہوگیا ہے۔ ایسی لاشوں کو منتقل کرنے کےلیے بھاری رقم وصول کی جارہی ہے اور غریب مریضوں کو گھر سے ہسپتال منتقل ہونے میں بھی کافی مشکلات پیش آرہی ہیں۔
ان حالات کو مدنظر رکھتے ہوئے ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن نے حیدرآباد میں ایمبولینس سرویس کا آغاز کیا ہے جس کے تحت 6 ایمبولنس گاڑیاں عوامی خدمات کےلیے ہمیشہ تیار رہیں گی۔
اس موقع پر حسن عسکری صدر ہیلپنگ ہینڈ فاؤنڈیشن نے بتایا کہ غریب افراد کےلیے مفت خدمات انجام دی جائیں گی۔ ایمبولینس میں آکسیجن اور دیگر سہولیات مہیا رہیں گی۔
انہوں نے بتایا کہ غریب مسلم افراد کی لاشوں کو ہسپتال سے گھر اور قبرستان تک مفت پہنچایا جائے گا اور یہ سہولت 24 گھنٹے دستیاب رہے گی۔ انہوں نے مزید کہا کہ جو افراد ایمبولنس سرویس کےلیے رقم ادا کرنے کے قابل ہوں گے ان سے صرف 3 تا 5 ہزار روپئے ہی وصول کئے جائیں گے۔