انہوں نے کہا کہ مختلف سلیبس کے تین ماہ کے ناقابل برداشت بلز لاکھوں صارفین کو بھیجے گئے، حالانکہ اس میں صارفین کا کوئی قصور نہیں تھا جنہوں نے اتنی زیادہ بجلی استعمال نہیں کی تھی۔
عزیز پاشاہ نے میڈیا سے بات کرتے ہوئے کہا کہ حکومت اور بجلی بورڈ اس مسئلہ کو حل کرنے کے موڈ میں نظر نہیں آتے، اس کے بجائے ان بلز کی تین اقساط میں ادائیگی کی بات کی جارہی ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہم نے توقع کی تھی کہ حکومت تلنگانہ صارفین کو لاک ڈاون کے عرصہ کے دوران بلز کی ادائیگی سے مستثنی قرار دے گی۔ تاہم اس کے برعکس ناقابل یقین بوجھ بجلی کے صارفین پر عائد کرتے ہوئے ان کو مشکلات سے دوچار کیا گیا۔
انہوں نے کہا کہ ایسا محسوس ہوتا ہے کہ حکومت کوتہ گوڑم تھرمل پاور پلانٹ کے نقصان تین کروڑ 50 لاکھ روپئے کی بھرپائی ریاست کے بجلی کے صارفین سے کرنا چاہتی ہے۔
عزیز پاشاہ نے لاک ڈاون کے ایک ایسے وقت میں جب بھوک،غربت اور بے روزگاری اپنے عروج پر ہے، مرکزی حکومت کی جانب سے الکٹریسٹی ترمیمی بل 2020 لانے کی کوشش کی بھی مذمت کی۔
انہوں نے کہاکہ اس بل کو حالانکہ 2014 اور2018 میں پارلیمنٹ میں لانے کی ناکام کوشش کے بعد حکومت،بجلی کے صارفین اور کسانوں کو دی جارہی اس کم سبسیڈی کو ختم کرتے ہوئے خود غرض کارپوریٹ لابی کی مدد اور ان کی خوشامد پچھلے دروازہ سے کرنے کے شرم ناک طریقہ کار کو استعمال کررہی ہے۔
بیشتر ریاستی حکومتوں بشمول بہار،تلنگانہ اور تمل ناڈو نے اس بل کی مخالفت کی ہے تاہم حکومت ہند اس بل پر دوبارہ نظرثانی کے موڈ میں نہیں ہے۔ اسی لئے یہ ضروری ہے کہ عوام اس بل کی شدت کے ساتھ مخالفت کریں۔