تلنگانہ کے وزیر بلدی نظم و نسق کے ٹی راما راؤ نے کہا کہ حیدرآباد کی ہمہ جہتی ترقی کیلئے حکومت منصوبہ بند حکمت عملی کے ساتھ کام کر رہی ہے۔ KTR on Hyderabad Development
ایس آر ڈی پی اسکیم کے تحت حیدرآباد میں 37 ہزار کروڑ سے 70 کاموں کا آغاز کیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ پرانے شہر میں سڑکوں کی تعمیر اور فلائی اوورس کیلئے حکومت سنجیدہ ہے۔ بہادر پورہ فلائی اوور کا کام جاری ہے اور آئندہ ماہ افتتاح ہوگا۔ اسمبلی میں وقفہ سوالات کے دوران کے ٹی آرنے موسیٰ ندی کو خوبصورت بنانے اور اس کی ترقی کے حکومت کے منصوبہ کا اظہار کیا۔
انہوں نے بتایا کہ 16634 کروڑ کے خرچ سے موسیٰ ندی کو ترقی دینے اور خوبصورت بنانے کا منصوبہ ہے۔ انہوں نے کہا کہ جی ایچ ایم سی کے تمام بلدی زونس میں 3115 کروڑ سے ایس آر ڈی پی کے دوسرے مرحلہ کے کاموں کا آغاز ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ وزیراعلی شخصی طور پر حیدرآباد کی ترقی پر توجہ مرکوز کرچکے ہیں اور ہم نے جو وعدہ کیا اس کی تکمیل کی جائے گی ۔ انہوں نے بتایا کہ موسیٰ ندی کے مشرقی اور مغربی جانب ایلیویٹیڈ راہداری پر 9000 کروڑ کے کاموں کا منصوبہ ہے۔ حکومت گوداوری کو کونڈا پوچما سے گنڈی پیٹ تک مربوط کرنے کا منصوبہ رکھتی ہے جس پر 1250 کروڑ خرچ کئے جائیں گے ۔ انہوں نے کہا کہ ڈسمبر تک 3866 کروڑ سے 31 ایس ٹی پی کاموں کی تکمیل کا منصوبہ ہے۔