حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے نظام آباد میں پیش آئے سڑک حادثہ میں چار نوجوان ہلاک ہوگئے۔ یہ حادثہ ضلع کے اندول وائی منڈل کی چندرائن پلی 44 نمبر کی قومی شاہراہ پر دیر رات اُس وقت پیش آیا جب حیدرآباد سے جانے والی کار ڈرائیور نے اس کا توازن کھو دیا اور یہ کار، ٹہرے ہوئے کنٹینر سے ٹکرا گئی۔ حادثہ اتنا خوفناک تھا کہ چار نوجوان موقع پر ہی ہلاک ہو گئے اور کار کو شدید نقصان پہنچا۔ تیز رفتاری حادثہ کا سبب سمجھی جارہی ہے۔ مہلوکین، موبائل فون کے سامان کا ہول سیل بزنس کرتے تھے۔ یہ نوجوان حیدرآباد میں کام ختم کرنے کے بعد واپس ہو رہے تھے۔ اطلاع ملتے ہی پولیس وہاں پہنچی جس نے اس سلسلہ میں ایک معاملہ درج کرکے لاشوں کو کافی جدوجہد کے بعد کار سے نکالتے ہوئے سرکاری اسپتال پوسٹ مارٹم کے لئے بھیج دیا۔
حادثہ کا مقام دلخراش منظرپیش کر رہا تھا۔ اے سی پی کرن کمار نے مقام حادثہ کا معائنہ کیا۔ اس کار میں گنیش، اس کا بھائی آدتیہ، اس کا دوست پرکاش سوار تھے۔ ان کا تعلق نظام آباد کے چندر شیکھر کالونی سے ہے۔ ایک اور نوجوان کی شناخت نہیں ہوسکی۔ پرکاش کی شادی 2 مئی کو ہونے والی تھی جبکہ گنیش کی اہلیہ 9 ماہ کی حاملہ ہے۔گنیش، آدتیہ کا ایک ہی خاندان سے تعلق ہے۔ اس حادثہ میں ان دونوں کی ہلاکت پر خاندان پر غم کا پہاڑ ٹوٹ پڑا۔ مہلوکین کا تعلق پڑوسی ریاست مہاراشٹر کے بلولی سے ہے تاہم یہ افراد کچھ عرصہ سے نظام آباد میں مقیم تھے۔
یو این آئی