تارک راما راو کی جانب سے داخل کردہ نئی عرضی کی بدھ کو سماعت چیف جسٹس آرایس چوہان، جسٹس وجئے سین ریڈی پر مشتمل بنچ نے کی۔
اس موقع پر ملکا جگری لوک سبھا حلقہ کی نمائندگی کرنے والے تلنگانہ کانگریس رہنما اور عرضی گذار ریونت ریڈی کی طرف سے رجوع ہوتے ہوئے ان کے وکیل نے کہا کہ این جی ٹی کے احکام پر ہائی کورٹ کی جانب سے لگائی گئی روک کو برخواست کیا جائے۔اس مرحلہ پر چیف جسٹس آر ایس چوہان نے کہاکہ این جی ٹی کی جانب سے جو اموراس معاملہ میں اٹھائے گئے ہیں، ان کی جانچ کی ضرورت ہے۔
چیف جسٹس نے اس معاملہ کی سماعت 6 جنوری تک ملتوی کردی۔
واضح رہے کہ ریونت ریڈی نے این جی ٹی چینئی کو ایک عرضی پیش کرتے ہوئے الزام لگایا تھا کہ وزیر تارک راما راو کا فارم ہوز ممنوعہ زون میں ہے جو جی او 111کی خلاف ورزی ہے۔این جی ٹی نے اس پر وزیر کو نوٹس جاری کی تھی اور وضاحت کی خواہش کی تھی۔
این جی ٹی نے مرکزی اور ریاستی حکومت کے عہدیداروں پر مشتمل کمیٹی کی تشکیل کے عبوری احکام بھی جاری کئے تھے تاکہ اس بات کا پتہ چلایاجاسکے کہ تارک راما راو کے فارم ہوزسرکاری احکام 111کی خلاف ورزی کرتے ہوئے تو تعمیر نہیں کیاگیا ہے۔