حیدرآباد کے مغل پورہ پولیس اسٹیشن میں صدر مجلس اتحاد المسلمین اسدالدین اویسی، بی جے پی رہنما کپل مشرا اور سابق رکن اسمبلی و مجلس رہنما وارث پٹھان کے خلاف اشتعال انگیز تقریر کرنے کا مقدمہ درج کیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ نامپلی میٹروپولٹین مجسٹریٹ کی ہدایت کے بعد ان لوگوں کے خلاف مقدمہ درج کیا گیا۔
شہر کی ایک تنظیم مجلس انقلاب ملت کے ایس سی ایس ٹی سیل کے صدر بالا کرشن راؤ نے عدالت سے شکایت کی تھی کہ وارث پٹھان نے کلبرگی میں اسدالدین اویسی کی موجودگی میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی۔ ان کی شکایت میں مزید کہا گیا تھا کہ کپل مشرا نے دہلی میں اشتعال انگیز تقریر کی تھی جس کی وجہ سے دہلی میں فساد پھوٹ پڑے تھے۔
جس کے بعد عدالت نے مغلپورہ پولیس اسٹیشن کو مختلف دفعات کے تحت ان رہنماؤں کے خلاف ایف آئی آر درج کرنے کی ہدایت دی۔ مغلپورہ پولیس انسپکٹر ناگراجو نے مقدمہ درج کرکے تحقیقات کا آغاز کردیا ہے۔