آئی پی ایس عہدیدار ہونے کا جھوٹا دعویٰ کرکے ویرا ریڈی نامی شخص سے 11 کروڑ روپئے اینٹھنے والی شروتی سنہا کو تلنگانہ پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اطلاعات کے مطابق شروتی سنہا نے ویرا ریڈی کی شادی اپنی بہن سے کرانے کا وعدہ کرتے ہوئے اس سے 11 کروڑ روپئے حاصل کئے۔
شروتی سنہا جو عیش و عشرت کی زندگی گذارنے کی عادی ہے نے اپنے کچھ رشتہ داروں کے ساتھ ملکر ویرا ریڈی سے بھاری رقم بٹوری۔ اپنی بہن کی شادی اس کے ساتھ کرانے کا لالچ دیکر 11 کروڑ روپئے کا دھوکہ دیا۔ کچھ روز بعد ویرا ریڈی کو یہ احساس ہوا کہ اسے دھوکہ دیا جارہا ہے جس کے بعد اس نے پولیس سے رابطہ کیا اور شروتی سنہا کے خلاف کیس درج کرایا۔
ویرا ریڈی کی جانب سے پولیس میں شکایت درج کروانے کے بعد آندھراپردیش میں مقیم شروتی کے ایک رشتہ دار نے خودکشی کرلی۔ بچو پلی پولیس نے مقدمہ درج کرکے شروتی سنہا کو گرفتار کرلیا جبکہ اس کے قبضہ سے 6 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات ضبط کئے گئے۔ پولیس اس معاملہ میں مزید تحقیقات کر رہی ہے۔
پولیس نے شروتی سنہا کے علاوہ دیگر 3 افراد کو بھی گرفتار کیا ہے۔ مادھاپور ڈی سی پی وینکٹیشور نے بتایا کہ شروتی کے قبضہ سے 3 مہنگی کاروں کے علاوہ 6 کروڑ روپئے مالیتی اثاثہ جات کو ضبط کیا گیا ہے۔