سی پی آئی رہنما عزیز پاشاہ و سابق رکن پارلیمنٹ نے عید کی مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے اپنے پیام عید میں کہا کہ 'مقدس ماہ رمضان المبارک کے عبادات، تقوی، پرہیزگاری اور سخاوت کے ذریعہ بندگان خدا نے خالق ارض و سما کو راضی کرنے کی کوشش کی۔ انہوں نے مسلمانوں کے اس جذبہ کی ستائش کی اور تمام بھارتیوں کو دل کی گہرائیوں سے عید سعید کی مبارکباد پیش کی۔
انہوں نے کہا کہ موجودہ تناظر میں مسلمانوں کے ساتھ ساتھ دیگر ابنائے وطن بھی سخت ترین آزمائشی دور سے گذر رہے ہیں۔ غریب، محتاج، لاچار، بیمار اور ضعیف افراد کے ساتھ ساتھ مطلقہ خواتین کو بھی اس عید میں یاد رکھا جائے۔
انہوں نے یہ بھی کہاکہ 'ہمیں اس بات کا عہد کرنا ہوگا کہ ہم ملک سے فرقہ پرستی کے ناسور کا خاتمہ کردیں گے۔ عید کے حقیقی معنی پیام انسانیت کی بقا ہے جس کے لئے ہمیں اپنے آپ کو وقف کرنا ہوگا۔ سینئر صحافی فرید ضیائی،حمید الظفر،سید علی الدین احمد اور حمید الدین محمود نے بھی اپنے پیام عید میں کہاکہ محنت کش طبقات،یومیہ اجرت پر کام کرنے والے افراد اور حالات کی گردش کے شکار افراد کو اپنی خوشیوں میں شامل کرتے ہوئے عید کی خوشیاں حاصل کی جاسکتی ہیں۔