تلنگانہ حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین میں جاری کی جانے والی امداد پر ریاستی الیکشن کمیشن نے روک لگادی۔ اس سلسلہ میں الیکشن کمیشن نے محکمہ بلدی نظم و نسق کے پرنسپال سکریٹری کو جی ایچ ایم سی انتخابات کے نتائج تک سیلاب متاثرین کے رجسٹریشن اور امداد کی تقسیم کے عمل کو معطل کرنے کی ہدایت دی۔
حکومت کی جانب سے سیلاب متاثرین کو 10 ہزار روپئے کی امداد کو گذشتہ روز الیکشن کمیشن کی جانب سے مستثنیٰ قرار دیا گیا تھا اور سیلاب متاثرین کو جاری کی جانے والی رقمی امداد کے سلسلہ کو نہ روکن کا فیصلہ کیا تھا تاہم مختلف سیاسی جماعتوں کی جانب سے اس پر روک لگانے کے مطالبہ کے بعد الیکشن کمیشن نے سیلاب متاثرین کے رجسٹریشن اور امدادی رقم کی تقسیم پر روک لگادی۔
حیدرآباد میں سیلاب متاثرین کو جاری کی جانے والی رقمی امداد کےلیے سینکڑوں لوگوں کو می سیوا سنٹرز پر قطاروں میں دیکھا گیا جہاں درخواستوں کی وصولی کا سلسلہ جاری ہے۔ آن لائن درخواستوں کے ادخال کےلیے شہر کے می سیوا سنٹرز پر سیلاب متاثرین کا ہجوم دیکھا گیا وہیں الیکشن کمیشن نے انتخابی ضابطہ اخلاق پر ستختی سے عمل آوری کی ہدایت دی ہے۔