ریاست میں گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن حدود میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران کورونا کے 30 نئے کیسز مثبت پائے گئے جبکہ اس وبا سے ایک مائگرینٹ ورکر بھی متاثر پایا گیا اور ایک مریض کی موت واقع ہوئی ہے جس کے بعد اس وائرس سے مرنے والوں کی تعداد بڑھ کر 30 ہوگئی ہے۔
ہفتہ کی رات میں جاری کردہ بلٹین کے مطابق تلنگانہ میں کورونا کے 31 نئے کیسز کی تصدیق کی گئی جبکہ ان تمام کا تعلق جی ایچ ایم سی حدود سے بتایا جارہا ہے تاہم ریاست کے دوسرے اضلاع سے ایک بھی کورونا کا معاملہ سامنے نہیں آیا۔
ریاست میں وائرس سے جملہ متاثرین کی تعداد 1163 ہوگئی ہے۔ گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 24 مریضوں کو صحتیابی کے بعد ڈسچارج کردیا گیا اور فی الوقت 382 کورونا مریضوں کا علاج کیا جارہا ہے۔
واضح رہے کہ کریمنگر، سرسلہ، کاماریڈی، محبوبنگر، میدک، بھوپال پلی، سنگاریڈی، ناگرکرنول، ملگ، پیداپلی، سدی پیٹ، نرمل، نارائن پیٹ، سوریہ پیٹ، عادل آباد، نظام آباد، کھمم، آصف آباد، نلگنڈہ، وقارآباد، بھدادری، منچریال اور محبوب آباد اضلاع سے گذشتہ 14 دنوں سے ایک بھی کورونا کا نیا کیس سامنے نہیں آیا ہے۔