تلنگانہ کے عارضی سیکریٹریٹ بی آر کے بھون اور گریٹر حیدرآباد میونسپل کارپوریشن کے دفتر میں کورونا وائرس کے کیسز سامنے آئے ہیں جس کے بعد حکومت میں تشویش کی لہر دیکھی جا رہی ہے۔
حیدرآباد میں کورونا وائرس کے معاملات میں تیزی کے ساتھ اضافہ ہوتاجارہا ہے۔تازہ طورپر بُرگُلاراما کرشنا بھون (بی آرکے بھون)میں اس وائرس کا نیا معاملہ سامنے آیاہے۔اس بھون کے محکمہ فائنانس میں کام کرنے والا ایک شخص کورونا وائرس سے متاثر پایاگیاجس کے ساتھ ہی ساتویں منزل پر کام کرنے والے محکمہ فائنانس کے عہدیداروں اور اہلکاروں کو گھر پر الگ تھلگ کردیاگیا۔
8ویں منزل پر کام کرنے والے فائنانس کے محکمہ کے ملازمین خدمات انجام دے رہے ہیں۔اسی دوران گریٹرحیدرآباد میونسپل کارپوریشن(جی ایچ ایم سی)کے صدر دفتر کی چوتھی منزل کے ایک سکشن پر کام کرنے والا ملازم کورونا سے مثبت پایاگیاجس کے بعد اس منزل پر کام کرنے والے ملازمین کو گھر بھیج دیاگیااور اس منزل کو جراثیم سے پاک بنایاگیا۔اس دفتر میں تقریبا1500ملازمین خدمات انجام دیتے ہیں۔