ملک میں کورونا وائرس کے واقعات میں اچانک اضافے پر اظہار تشویش کرتے ہوئے صدر جمعیت علما تلنگانہ و آندھرا پردیش مولانا حافظ پیر شبیر احمد نے کہا ہے کہ حکومت جہاں اس وبا پر قابو پانے اور اس کی روک تھام کے لئے سخت گیر اقدامات کررہی ہے، وہیں عوام کو بھی انتظامیہ کے اقدامات میں بھر پور تعاون کرنا چاہئے۔
انہوں نے کہا کہ ریاست تلنگانہ میں بھی گزشتہ ایک ہفتہ کے دوران کئی واقعات ہوئے ہیں‘ خاص طور پر شہر حیدرآباد میں کوویڈ-19کے معاملات میں اضافہ باعث تشویش ہے۔ جس رفتار سے مریضوں کی تعداد بڑھتی جارہی ہے علاج کے لئے اس تناسب سے انتظامات نہیں ہیں، جس کی وجہ سے عوام کو دشواریوں کا سامناکرنا پڑ رہا ہے۔
حکومت نے نجی اسپتالوں میں بھی اس بیماری کے علاج کی سہولت دینے کا بھی اعلان کیا ہے لیکن نجی اسپتالوں میں علاج کافی مہنگا ہے اور عام آدمی اخراجات کا متحمل نہیں ہوسکتا۔ انہوں نے کہا کہ جب حکومت نے نجی اسپتالوں میں علاج کی سہولت دے دی ہے تو پھر اس بیماری کو آروگیہ شری کے تحت لانے کے لئے مناسب اقدامات کئے جائیں، اس سے غریبوں کو کافی سہولت ہوگی۔
انہوں نے توقع ظاہر کی کہ حکومت اس تجویز پر ہمدردانہ غور کرے گی اور فوری اس بیماری کو آروگیہ شری کے تحت لانے کااعلان کرے گی۔ انھوں نے وزیراعلی ریلیف فنڈ اور پی ایم کیرز فنڈ سے بھی مریضوں کی امداد کرنے اور جو لوگ جان سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں ان کے خاندانوں کو رقمی امداد منظور کرنے پر زوردیا۔