لاک ڈاون کی وجہ سے دبئی میں پھنسے تلنگانہ سے تعلق رکھنے والے کینسر سے متاثر شخص کو سابق رکن پارلیمان و تلنگانہ جاگروتی تنظیم کی صدر کلواکنٹلہ کویتا کی کوششوں سے ان کے آبائی مقام کو واپس لایاجاسکا۔
تلنگانہ کے ضلع نظام آباد کے بورگم دیہات سے تعلق رکھنے والے چناریڈی کا گزشتہ سال دسمبر میں کینسر کا آپریشن کیاگیا جس کے بعد وہ دبئی روانہ ہوئے تاکہ جس کمپنی میں وہ کام کرتے تھے۔ وہاں سے واجب الادا تنخواہ کی رقم حاصل کی جاسکے۔مذکورہ شخص 15دن کی دوا لے کر دبئی گئے تھے۔ تاہم لاک ڈاون کی وجہ سے وہ وہاں پھنس گئے۔انھیں دبئی میں دواوں کے حصول میں کافی مشکلات کا سامنا کرناپڑا اور بھارت واپس ہونے کے امکانات میں کمی ہوگئی۔دبئی میں مذکورہ شخص کی صحت خراب ہوگئی۔
اس بات کی اطلاع اس نے سوشیل میڈیا کے ذریعہ سابق رکن پارلیمان کویتا کو دی اور اس کی واپسی کو یقینی بنانے کی خواہش ظاہر کی۔
چناریڈی کے ارکان خاندان سے اس بات کی اطلاع ملنے پر رکن اسمبلی یلاریڈی سریندر نے کویتا کو اس بات سے واقف کروایا۔کویتا نے فوری طورپر فلیٹ کی ٹکٹ کا انتظام کروایاجس کے بعد چناریڈی گزشتہ روز حیدرآباد پہنچے۔ بعدازاں تلنگانہ جاگروتی کے ذمہ داروں نے اس شخص کواس کے آبائی مقام کو بھجوایاجہاں وہ گھر میں الگ تھلگ رہے گا۔چناریڈی نے وطن واپسی میں مدد کرنے پر کویتا سے اظہار تشکر کیا۔