حیدرآباد: ریاست تلنگانہ کے وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی و بی آرایس کے کارگذارصدر کے تارک راما راو نے اس یقین کااظہار کیا کہ ان کی پارٹی جاریہ سال کے اواخر میں ہونے والے ریاستی اسمبلی کے انتخابات میں 90 تا 100 نشستوں پر کامیابی حاصل کرے گی اوروزیراعلی کے چندرشیکھرراو جنوبی ہند کی ریاست میں ہیٹ ٹرک بنائیں گے۔
بی آر ایس کے وزیر تارک راما راو نے ٹی آرایس کی بی آرایس میں تبدیلی کے بعد پارٹی کے ہیڈکوارٹرس تلنگانہ بھون میں منعقدہ پلینری اجلاس کے موقع پر خطاب کرتے ہوئے کہا کہ بی جے پی امیدواروں کی 100نشستوں پر ضمانت ضبط ہوجائے گی۔انہوں نے مطالبہ کیا کہ بی جے پی کے ساتھ ساتھ کانگریس کو بھی وزیراعلیٰ کے امیدواروں کا اعلان کرنا چاہئے۔ انہوں نے کہا کہ بی آر ایس کے نام کی تبدیلی کی گئی ہے تاہم پارٹی کا ڈی این اے، ایجنڈا، پارٹی نشان، فلسفہ اور ان کی پارٹی کا لیڈر تبدیل نہیں ہوا ہے۔
مزید پڑھیں: KTR on BJP Govt مرکزی حکومت تلنگانہ کی اسکیمات کی نقل کر رہی ہے، کے ٹی آر
وزیر انفارمیشن ٹکنالوجی تارک راما راو نے ان کے مستقبل کے وزیراعلی ہونے سے متعلق اطلاعات پر ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا کہ ان کے والد و پارٹی کے سربراہ چندرشیکھرراو کی عمر ابھی 70 سال بھی نہیں ہوئی ہے۔ امریکہ کے صدر جو بائیڈن کی عمر 80 سال ہے۔ وہ ایک اور معیاد کے لیے انتخاب لڑنا چاہتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چندرشیکھرراو ان کی پارٹی کی پہچان ہیں اور انہیں امید ہے کے آنے والے اسمبلی انتخابات میں ان کی پارٹی ریاست میں پھر سے اقتدار کی باگ دوڑ سنبھالے گی۔
یواین آئی