پارٹی کی عاملہ کمیٹی کے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے سنجے نے کہا کہ پارٹی گولکنڈہ پر زعفرانی پرچم لہرائے گی۔انہوں نے نشاندہی کرتے ہوئے کہاکہ علحدہ ریاست تلنگانہ عوام کی خواہشات کی تکمیل کے لئے تشکیل دی گئی تھی تاہم اس میں کوئی پیشرفت نہیں کی گئی۔ٹی آرایس حکومت ریاست میں تین لاکھ ملازمتوں کے مواقع فراہم کرنے میں ناکام ہوگئی۔
انہوں نے ریاست کو قرض کے جال میں پھنسادینے کیلئے وزیراعلی کے چندرشیکھرراو پر برہمی ظاہر کی ار کہاکہ حکومت کی غریبوں کے لئے ڈبل بیڈ روم مکانات کی فراہمی کی اسکیم کے ذریعہ مکانات کی تعمیر مرکزی حکومت کے فنڈس کے ذریعہ کئے جارہے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ کورونا وباکے دوران پارٹی نے بیشتر فلاحی کام انجام دیئے جبکہ حکمران جماعت ٹی آرایس کے رہنما انفکشن کے خوف سے گھروں میں آرام کررہے تھے۔انہوں نے کہاکہ تلنگانہ حکومت نے آیوشمان بھارت پروگرام کو نظرانداز کیا ہے۔انہوں نے گزشتہ تین برس کے دوران ریاست کے بے روزگارنوجوانوں کو مالی مدد فراہم نہ کرنے پر وزیراعلی پر نکتہ چینی کی اورکہا کہ تاخیر سے ادائیگی کی وجہ سے ملازمین اور وظیفہ یابوں کو شدید مشکلات کا سامناکرناپڑرہا ہے۔