ملک بھر میں آج 72 ویں یوم جمہوریہ کا جشن منایا جا رہا ہے۔ راج پتھ پر پوری دنیا کے سامنے بھارت نے اپنی فوجی طاقت کا مظاہرہ کیا ہے اور یہاں کی تہذیب و تمدن کی عکاسی جھانکیوں کے ذریعہ کرائی گئی ہے۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے بھی عوام کو یوم جمہوریہ کی مبارکباد پیش کی ہے۔
وہیں حیدرآباد میں صدر کل ہند مجلس اتحادالمسلمین و رکن پارلیمنٹ حیدرآباد بیرسٹر اسدالدین اویسی نے یوم جمہوریہ کے موقع پر حیدر آباد کے پرانا شہر کے مدرسہ جامعۃ المومنات مغل پورہ میں قومی پرچم لہرایا۔
اس موقع پر ناظم مدرسہ حافظ مولانا سید مستان قادری اور مولانا حافظ صابر پاشاہ قادری اور نومنتخب کارپوریٹر نسرین سلطانہ کے علاو ہ مدرسہ کے طلبا و طالبات اور مجلسی لیڈرز کارکنوں اور عوام کی کثیر تعداد موجود تھی۔
یوم جمہوریہ کا جشن سب نے مل کر منایا۔ حیدرآباد کے کئی مقامات پر مجلس کے اراکین مقننہ اور دوسروں نے قومی پرچم لہرایا۔