ریاست تلنگانہ میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی ) کے 50 ہزار ملازمین اور کارکن ہڑتال پر ہیں، مظاہرین نے آر ٹی سی کو حکومت میں ضم کرنے کا مطالبہ کیا۔
اس ضمن میں روڈ ٹرانسپورٹ کارپوریشن (آر ٹی سی ) سے وابستہ ملازمین ریاست بھر میں احتجاج کررہے ہیں۔
احتجاج کے دوران تلنگانہ آرٹی سی کے جے اے سی کے صدر اشواتھاما ریڈی اور جے اے سی رہنما راجی ریڈی کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔
یہ رہنما تلنگانہ کو ریاست کا درجہ دینے کا مطالبہ کرتے ہوئے اپنی جانوں کا نذرانہ پیش کرنے والوں کی یاد میں بنائے گئے یادگار شہیداں پر خراج عقیدت کے لئے پہنچے تھے۔
اس گرفتاری پر ان رہنماؤں نے شدید برہمی کا اظہار کیا اور اسے المیہ قرار دیتے ہوئے کہا کہ 'ان کو زبردستی گرفتار کیا گیا ہے۔اسمبلی کے سامنے گن پارک پر خراج عقیدت کے لیے آرٹی سی ملازمین کی بڑی تعداد کے پہنچنے پر کشیدہ صورتحال دیکھی گئی '۔
گن پارک کے قریب پہنچنے والے جے اے سی کارکنوں کو پولیس نے گرفتار کرلیا۔ اس گرفتاری پر کارکنوں نے پولیس پر برہمی ظاہر کی۔
قبل ازیں آرٹی سی ملازمین نے ان کے مطالبات کی تکمیل کے لئے آج سے غیر معینہ مدت کی بھوک ہڑتال شروع کرنے کا اعلان کیا تھا تاہم یہ ہڑتال ملتوی کردی گئی۔پولیس کی جانب سے اس کی اجازت نہ دیئے جانے کے سبب ہی یہ بھوک ہڑتال ملتوی کی گئی۔