وزیر اعظم نریندر مودی نے جمعہ کے روز تمل ناڈو کے ویرودھو نگر ضلع میں ایک نجی پٹاخہ بنانے والی فیکٹری میں ہوئے المناک حادثے پر غم کا اظہار کیا۔ انہوں نے مرنے والوں کے اہل خانہ کو پی ایم ریلیف فنڈ سے مدد کے طور پر دو دو لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا۔
مودی کے علاوہ کانگریس رہنما راہل گاندھی، تمل ناڈو کے گورنر بنواری لال پروہت اور وزیر اعلی ای کے پلانیسوامی نے بھی اس حادثے پر رنج و غم کا اظہار کرتے ہوئے ہر ممکن مدد کی یقین دہانی کرائی ہے۔
وزیر اعظم دفتر کی جانب سے جاری کردہ ایک ٹویٹ میں وزیر اعظم نے کہا کہ 'ویرودھونگر میں پٹاخہ فیکٹری میں پیش آنے والا حادثہ انتہائی تکلیف دہ ہے۔ اس بحرانی کیفیت میں میری تعزیت ہلاک ہونے والوں کے لواحقین کے ساتھ ہے۔ مجھے امید ہے کہ زخمیوں کی جلد صحت یابی ہوگی۔ انتظامیہ حادثے میں متاثرہ لوگوں کی مدد کے لئے کام کررہی ہے۔
وزیر اعظم نے کہا ، "ورودھونگر میں ہوئے اس حادثے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ کو پی ایم قومی ریلیف فنڈ سےدو دو لاکھ روپے کی منظوری دی گئی ہے، جبکہ شدید زخمیوں کو پچاس پچاس ہزار روپے دیئے جائیں گے۔"
مزید پڑھیں:
دہلی: سالگرہ تقریب میں چاقو سے حملہ، ایک ہلاک
کانگریس کے رہنما راہل گاندھی نے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے کہا ، "میں ویرودھونگر میں پٹاخہ فیکٹری میں لگی آگ سے متاثر ہونے والوں کے تئیں دلی تعزیت کا اظہارکرتا ہوں۔ فیکٹری کے اندر ابھی بھی پھنسے ہوئے لوگوں کے بارے میں ملی خبر دل دہلا دینے والا ہے۔ میں ریاستی حکومت سے فوری بچاو امداد اور راحت فراہم کرنے کی اپیل کرتا ہوں۔
اس کے علاوہ تمل ناڈو کے وزیر اعلی پالینیسوامی نے مرنے والوں کے اہل خانہ کے تئیں دلی تعزیت اور ہمدردی کا اظہار کرتے ہوئے وزیراعلیٰ کے جنرل ریلیف فنڈ سے مرنے والوں کے اہل خانہ کو تین تین لاکھ روپے اور شدید زخمیوں کو ایک ایک لاکھ روپے دینے کا اعلان کیا ہے۔
انہوں نے کہا کہ پٹاخہ فیکٹری میں ہوئے اس حادثے کی خبر سے انتہائی غم زدہ ہوں جس میں کم از کم 36 افراد جھلس گئے ہیں۔
انہوں نے ضلعی انتظامیہ اور اسپتال کے حکام کو ہدایت دی ہے کہ وہ زخمیوں کا بہترین علاج معالجہ فراہم کریں اور اس حادثے سے متعلق قانونی کارروائی کی مناسب جانچ کا بھی حکم دیا ہے۔