رامیشورم: مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے جمعہ کو تمل ناڈو میں لوک سبھا انتخابی مہم کا آغاز کرتے ہوئے کہا کہ ڈی ایم کے ملک کی "سب سے بدعنوان" حکومت ہے۔ شاہ نے آج یہاں سال 2024 میں ہونے والے لوک سبھا انتخابات میں وزیر اعظم نریندر مودی کی مسلسل تیسری بار اقتدار میں واپسی یقینی بنانے کے لئے بی جے پی کی 1,700 کلومیٹر ریاست گیر پد یاترا "این من، این مکل (میری زمین، میرے لوگ)" کا افتتاح کرتے ہوئے یہ بات کہی۔ انہوں نے کہا، "ڈی ایم کے حکومت کے وزرا میں سے ایک، جسے ای ڈی نے (منی لانڈرنگ کیس میں) گرفتار کیا تھا اور وہ جیل میں بند ہے، وہ اب بھی بغیر پورٹ فولیو کے وزیر کے طور پر کام کر رہے ہیں۔"
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ ایم کے اسٹالن ان سے استعفیٰ نہیں مانگ رہے ہیں کیونکہ اگر وہ وزارتی عہدہ سے استعفیٰ دیتے ہیں تو بدعنوانی کی تمام معلومات منظر عام پر آجائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ اگر کوئی ڈی ایم کے اور کانگریس کی بات کرتا ہے تو اس کے ذہن میں صرف کوئلہ اور 2 جی گھپلے آتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ این من، این مکل یاترا تمل ناڈو کو خاندانی سیاست، بدعنوانی سے پاک کرنے اور ریاست میں امن و امان کی صورتحال کو بہتر بنانے کے لیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ یاترا تمل ثقافت کو اجاگر کرے گی اور یاترا کی قیادت کر رہے تمل ناڈو بی جے پی کے سربراہ کے اناملائی پوری ریاست میں مسٹر مودی کی قوم پرستی کو قائم کرنے جا رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: Amit Shah will visit MP امت شاہ 30 جولائی کو مدھیہ پردیش کا دور کریں گے
یو این آئی