سرینگر (جموں کشمیر) : انتظامیہ کی جانب سے جاری حکمنامہ کے تحت کشمیر کے ماہر موسمیات کے ڈائریکٹر سونم لوٹس کو لیہہ کے موسمیاتی مرکز کا سربراہ مقرر کرکے ان کا کشمیر سے تبادلہ کیا گیا۔ وادی کشمیر میں بدلتے موسم کی ایک دہائی سے بھی زائد عرصہ تک پیشگوئی کرنے والے سونم لوٹس کا نام یہاں تقریباً زبان زد عام رہا۔
بحیثیت ماہر موسم ’’سونم لوٹس‘‘ یہاں ایک استعاراتی نام بنا۔ موسم کے اعتبار سے کسی بھی پیشگوئی کو عوام میں تبھی مقبولیت مل سکتی ہے جب وہ ’’لوٹس سرٹیفائیڈ‘‘ ہو۔ لوٹس نے اس وقت موسمیات کے سربراہ کا عہدہ سنبھالا جب ٹیکنالوجی کافی ترقی کر چکی تھی اور لوگ مقامی ٹیلی ویژن مرکز یا ریڈیو اسٹیشن سے مشتہر کیے جانے والے موسمی بولیٹن پر ہی زیادہ تر منحصر رہتے تھے۔ لوٹس نے موسمیاتی پیش گوئی کے ایک نئے دور کا آغاز کیا، جس میں کشمیر کے لوگوں کو موسم کی درست اور بروقت معلومات فراہم کرنے کے لیے جدید آلات اور تکنیکیں بروئے کار لائی گئیں۔
مزید پڑھیں: Rain Deficit in Kashmir: کشمیر میں اگست کی طرح ستمبر بھی خشک رہنے کا قوی امکان
ادھر، سرینگر کے محکمہ موسمیات کے دفتر میں سونم لوٹس کے اعزاز میں ایک مختصر مگر باوقار الوداعی تقریب منعقد کی گئی۔ تقریب کے دوران لوٹس کے ساتھیوں نے اپنے دور کی یادیں تازہ کیں۔ تقریب کے حاشیہ پر لوٹس نے میڈیا نمائندوں کے ساتھ بات کرتے ہوئے کہا کہ انہوں نے اپنے دور میں جو بھی، موسم کے اعتبار سے، پیش گوئیاں کیں ان پر وہ کافی مطمئن ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وہ اس بات سے کافی خوش ہے کہ جدید آلات اور تکنیک کا صحیح استعمال کرکے انہوں نے بر وقت بدلتے موسم کی پیشگوئی کی جس سے لوگوں کے جان و مال کی حفاظت ممکن ہو سکی۔