سرینگر: محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے ایک ہفتے کے دوران موسم خشک اور گرم رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے بتایا کہ صبح کے وقت کہیں کہیں معمولی بوندا باندی کو چھوڑ کر جموں وکشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم خشک اور گرم رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ تاہم اس دوران دن کے درجہ حرارت میں ایک سے دو ڈگری سینٹی گریڈ کی کمی واقع ہوسکتی ہے۔ان کا کہنا تھا کہ وادی میں 16 سے 22 ستمبر تک موسم مجموعی طور پر خشک اور گرم رہنے کی توقع ہے، تاہم اس دوران کہیں کہیں ہلکی بارشوں کو خارج از امکان قرار نہیں دیا جا سکتا ہے۔
موصوف ترجمان نے بتایا کہ مضبوط مغربی ہواؤں یا مونسون کا کوئی امکان نہ ہونے کے باعث جموں وکشمیر میں اگلے ہفتے کے دوران وسیع پیمانے کی بارشوں کا کوئی امکان ہے۔
مزید پڑھیں:
- کشمیر میں اگست کی طرح ستمبر بھی خشک رہنے کا قوی امکان
- کشمیر میں ماہ ستمبر میں گرمی کا 18 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا، درجہ حرارت 32.9 ڈگری ریکارڈ
قابل ذکر ہے کہ امسال وادی کشمیر میں ماہ ستمبر میں گرمی کا 130 سالہ ریکارڈ ٹوٹ گیا جب 10 ستمبر کو سرینگر میں درجہ حرارت 34.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا۔محکمہ موسمیات کے مطابق کشمیر میں اگست کے ماہ میں اسی فیصد بارش کی کمی رہی اور گرمائی دارالحکومت سرینگر میں سب سے زیادہ بارش کی کمی رہی۔ محکمہ موسمیات کے مطابق جموں کشمیر کی گرمائی دارلحکومت سرینگر میں اگسست ماہ میں 9.2 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی جو معمول سے 86فیصد کم ہے۔ سرینگر میں سنہ 1998 میں 8.8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی تھی اور سنہ 1997 میں سب سے کم 2.2 مل میٹر بارش درج ہوئی تھی۔